حکومت بے گناہ لوگوں کو رہا کرنے کے بارے میں سوچے،شوکت یوسفزئی

پشاور(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ  حکومت بے گناہ لوگوں کو رہا کرنے کے بارے میں سوچے ، اگر بانی پی ٹی آئی کی سول نافرمانی کال پر عمل ہوگیا تو ملک کو کافی نقصان ہوگا۔اپنے بیان میں شوکت یوسفزئی نے کہا  کہ حکومت کا مذاکرات کا فیصلہ خوش آئند ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت بے گناہ لوگوں کو رہا کرنے کے بارے میں سوچے۔

وزیراعلیٰ کے پی کرم کے معاملے پر اجلاس میں مصروف تھے اس لیے شریک نہیں ہوئے۔انہوں نے کہا کہ دو جنوری کو ہماری کمیٹی کی جانب سے مطالبات پیش کیے جائیں گے، اب ملک کے بارے میں سب کو سوچنا چاہیے۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے پھر کال دی تو لوگ باہر نکلیں گے، حکومت کی جانب سے ڈرانے کے باوجود لوگ باہر نکلتے ہیں۔پی ٹی آئی رہنما  نے کہا کہ پنجاب میں غیر اعلانیہ مارشل لا لگا ہوا ہے اور کوئی سیاسی سرگرمی نہیں کرنے دی جاری ہے، اگر حالات کو نارمل کرنا ہے تو لچک دکھانا پڑے گی۔ سیاسی جماعتوں کے پاس بہت آپشن ہوتے ہیں، سیاستدان دہشت گرد تو نہیں ہیں۔