پشاور(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ ہماری جدوجہد ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی ہے، پیچھے نہیں ہٹیں گے، یورپی یونین اور برطانیہ حکومت کے ملٹری کورٹس ٹرائل پر تحفظات ہیں، فوجی عدالتوں کے ٹرائل اور فیصلوں پر ہمیں بھی مایوسی ہے۔پشاور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم کوئی رعایت نہیں مانگ رہے ہیں بلکہ یہ کارروائیاں غیرقانونی ہیں، اتھارٹی کا جس طرح غلط استعمال کیا جا رہا ہے یہ تاریخ کا حصہ بن رہا ہے۔
اسد قیصر نے کہا کہ ہم پر مقدمات کو لوگ انتہائی بدترین انتقامی کارروائی سمجھ رہے ہیں، آئین ہمیں پرامن احتجاج کا حق دیتا ہے، کیا آئین میں واضح نہیں کہ ہر شہری پرامن احتجاج کر سکتا ہے؟ ۔پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ ہماری جدوجہد ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی ہے، پیچھے نہیں ہٹیں گے، ملک کی معاشی اور سیاسی صورتِ حال کی وجہ سے حکومت کو ایک راستہ دیا ہے۔انہوںنے کہا کہ ہم نے ہر صورت میں آئین قانون کے مطابق ملک کے معاملات چلانے ہیں، بانی پی ٹی آئی کے مقدمات پر سروے کر لیں، 99 فیصد لوگ ان کیسز کو غلط کہیں گے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہم نے 3 پوائنٹس ان کے سامنے رکھے ہیں، بانی پی ٹی آئی اور سیاسی اسیر رہا کئے جائیں، 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے، بحیثیت ذمہ دار سیاسی جماعت کے ہم چاہتے کہ ملک کو بحران سے نکالیں۔