خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات منعقد نہ کرانے پر الیکشن کمیشن سے جواب طلب


پشاور (صباح نیوز)پشاور ہائیکورٹ نے خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات منعقد نہ کرانے پر الیکشن کمیشن سے جواب طلب کر لیا۔ منگل کو چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس وقار احمد نے پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کی جانب سے خیبرپختونخوا میں سینیٹ الیکشن منعقد نہ کرانے کے کیس کی سماعت کی۔وکیل درخواست گزار نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سینیٹ الیکشن کرانے کیلئے درخواست دائر کی ہے۔وکیل الیکشن کمیشن نے بتایا کہ سینیٹ الیکشن کے حوالے سے 10 دسمبر کو اجلاس ہوا، ابھی تک اس پر مشاورت جاری ہے،

مخصوص نشستوں کی نظر ثانی پٹیشن سپریم کورٹ میں زیرالتوا ہے، اس کو بھی دیکھ رہے ہیں۔چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ہم آپ کو دو ہفتے کا وقت دیتے ہیں جس پر وکیل الیکشن کمیشن کی جانب سے استدعا کی گئی کہ ٹائم تھوڑا زیادہ کریں اس پر تھوڑا وقت لگے گا۔عدالت نے کہا کہ آپ بتائیں کونسی تاریخ دیں، جس پر وکیل الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ اس کیس کو زیرالتوا رکھیں ہم جواب جمع کرا دیں گے، اس پر چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ آپ کو ایسی کھلی چھوٹ بھی نہیں دے سکتے۔بعدازاں عدالت نے 16 جنوری تک الیکشن کمیشن سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔