،اسلامی جمعیت طلبہ بلاشبہ روشن مستقبل کی نوید اورملک و ملت کا قیمتی اثاثہ ہے۔کاشف سعید شیخ

کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے طلبا کی سب سے بڑی اور منظم تنظیم اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کی 78ویں یوم تاسیس کے موقع پر اپنے جاری پیغام میں کہا ہے کہ بانی جماعت اسلامی پاکستان مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودی کی ہدایت پر چند طلبہ نے 1947ء میں اسلامی جمعیت طلبہ کی بنیاد رکھی،جو آج پاکستان ہی کی نہیں بلکہ دنیا کی سب سے بڑی نمائندہ طلبہ تنظیم بن گئی ہے۔آج پاکستان کی کوئی یونیورسٹی یا کالج ایسا ہو جس میں جمعیت موجود نہ ہو۔ طلبہ نہ صرف مستقبل کی قیادت بلکہ کسی بھی قوم کا مستقبل بھی ہوتے ہیں۔ بانیئ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح  نے طلبہ کو وطن عزیز کا ”معمار” قرار دیاتھا۔

ایثار و قربانی اور اخلاص کی شاہکار اسلامی جمعیت طلبہ سے ملک کے کروڑوں لوگوں کی امیدیں وابستہ ہیں جمعیت نے ہر دور میں پاکستان میں آمریت کیخلاف اور جمہوری واسلامی نظام کے نفاذ کے لیے بے شمار قربانیاں دیں ہیں۔کراچی تا کشمیر جمعیت کے شہداء کی لازوال داستانیں موجود ہیں جبکہ تعلیمی اداروں میں حکومتی جماعتوں کی طلباء تنظیموں کے غیر جمہوری ہتھکنڈوں کا جمعیت نے ہر دور میں ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔ پاکستان اس وقت جن بحرانوں سے دوچار ہے اورجس طرح پاکستان کے نظریاتی تشخص کومسخ کرنے کے لیے نسل نو کے ذہنوں سے امت واحدہ کا تصور ختم کرنے کی گھنائونی سازشیں کی جارہی ہیں ان کو ناکام بنانے کے لیے

اسلامی جمعیت طلبہ کا وجود بہت بڑی نعمت ہے۔اسلامی جمعیت طلبہ بلاشبہ روشن مستقبل کی نوید ،ملک و ملت کا قیمتی اثاثہ ہے ، ملک و ملت کو جب اور جہاں بھی ضرورت پڑی، اسلامی جمعیت طلبہ کے لاکھوں کارکنوں نے ہراول دستہ کا کردار ادا کیاہے اور نظریاتی سرحدوں کے ساتھ ساتھ جغرافیائی سرحدوں کا بھی بھر پور دفاع کیا۔نظریاتی و قومی وحدت، ملکی سلامتی، یکجہتی،آزادی اور خود مختاری کے تحفظ کے لیے اسلامی جمعیت طلبہ کی گرانقدر خدمات کا قوم نے ہمیشہ اعتراف کیاہے۔ اب بھی جمعیت کو یہ کردار مزید جرت و بہادری سے انجام دینا ہے۔ اسلامی جمعیت طلبہ میری اور میرے جیسے لاکھوں پاکستانیوں کی محسن ہے۔اس تنظیم نے ہمیں ہمیشہ اپنے خالق و مالک کی اطاعت گزاری سکھائی ہے۔#