نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت کھاد کی قیمتوں کے استحکام کو یقینی بنانے کیلئے کابینہ کمیٹی کا اجلاس

اسلام آباد(صباح نیوز)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت کھاد کی قیمتوں کے استحکام کو یقینی بنانے کیلئے کابینہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ پیر کو نائب وزیر اعظم کے آفس سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وزیر صنعت رانا تنویر حسین اور اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔ شرکاء کو حکومت، گیس سپلائرز اور فرٹیلائزر انڈسٹری کے درمیان ہونے والی بات چیت کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں کھاد کی صنعت کے لئے گیس کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا گیا اور اسے تسلی بخش پایا گیا۔ نائب وزیر اعظم نے پیداوار اور ذخیرہ کو مستحکم بنانے کے لئے ربی کی فصل کے پورے موسم میں کھاد کی صنعت کو بلاتعطل گیس کی فراہمی کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔