صدر وزیر اعظم کی ضلع کرک میں پولیو ورکرز پر حملے کی مذمت

اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہبازشریف  نے خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں پولیو ورکرز پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد پاکستان کے عوام کو صحت مند اور خوشحال نہیں دیکھنا چاہتے ، پاکستان کے عوام بڑھ چڑھ کر پولیو مہم میں حصہ لیں ۔ایوان صدر کے پریس ونگ سے پیر کو جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے پولیو ٹیم پر حملے میں سکیورٹی اہلکار کی شہادت پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ دہشت گرد ملک و قوم کے مستقبل کے دشمن ہیں، دہشت گرد پاکستان کے عوام کو صحت مند اور خوشحال نہیں دیکھنا چاہتے ۔صدر مملکت نے پاکستانی عوام پر زور دیا کہ وہ بڑھ چڑھ کر پولیو مہم میں حصہ لیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ عوام سے گزارش ہے کہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے تک کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا،علاوہ ازیںوزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں انسداد پولیو ٹیم پر دہشتگردوں کے حملے میں پولیس اہلکار کی شہادت پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ پولیو کو پاکستان سے ختم کرنے کے لئے ہماری سکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نے قوم کو پولیو کے مرض سے پاک کرنے کے لیے سرگرم عمل پولیو ورکرز پر حملے کو باعث تشویش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی کاروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے اور پولیو ورکرز کی حفاظت کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔