اسلام آباد(صبا ح نیوز)چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالداور سیکرٹری بی آئی ایس پی عامر علی احمد نے نیسلے پاکستان کے کارپوریٹ ہیڈ وقار شیخ سے بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران نیسلے پاکستان کی مینیجر عتیقہ میر خان نے بی آئی ایس پی اور نیسلے کے مابین جاری شراکت داری پر تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا اس شراکت داری کے تحت ملک بھر کے 29 اضلاع میں 3500 بی آئی ایس پی بینیفشریز بطور سیلز ایجنٹ کام کررہی ہیں۔ اس موقع پر سینیٹرروبینہ خالد نے کہا کہ بی آئی ایس پی کی مستحق خواتین کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے بی آئی ایس پی اور نیسلے کے مابین موجودہ شراکت داری کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی مالی نظام میں شمولیت کے پروگرام میں مستحق خواتین کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین اس اقدام سے مستفید ہوسکیں ہے۔
نیسلے کارپوریٹ ہیڈ وقار شیخ نے اس بات کی یقین دہانی کرائی آئندہ سال مزید 500 بینیفشریز کو اس پروگرام میں شامل کرلیا جائیگا۔ سینیٹر روبینہ خالد نے بی آئی ایس پی افسران کو ہدایت کے وہ خواتین کی معاشی خودمختاری کے نئے اقدامات کے آغاز کیلئے نیسلے ٹیم کے ہمراہ حکمت عملی تشکیل دیں تاکہ جلد ہی پائلٹ مرحلے کا آغازکیا جاسکے