مظفرآباد(صباح نیوز)نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ پشاور کے سینیئر مینجمنٹ کورس کے وفد نے جمعہ کے روز یونیورسٹی آف آزادجموں وکشمیر مظفرآبادکا دورہ کیا۔ فیکلٹی آف انجینئرنگ کے ڈین اور ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل پروفیسر ڈاکٹر سعادت حنیف ڈار اور آفیسر تعلقات عامہ، ڈاکٹرمبشر نقوی نے جامعہ کشمیر آمد پر وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔دورے کے دوران، وفد کو جامعہ کی تعلیمی خدمات اور خطے میں اس کے اہم کردار کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
پروفیسر ڈاکٹر سعادت حنیف ڈار نے جامعہ کی کامیابیوں، جدید منصوبوں، اور معیاری تعلیم کے فروغ کے عزم پر مشتمل ایک جامع بریفنگ دی جبکہ آفیسر تعلقات عامہ ڈاکٹر مبشر نقوی نے سیشن کی میزبانی کی۔جامعہ کشمیر کے ذمہ داران نے بریفنگ کے بعد وفد کے سوالات پرتفصیلی جوابات بھی دئیے۔ اکتیس رکنی وفد نے جامعہ کشمیر کی شاندار تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے اس کی خطے میں علم و تحقیق کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی۔
وفد نے جامعہ کے ترقی پسند اقدامات کو اجاگر کرتے ہوئے اسے آزاد جموں و کشمیر میں اعلی تعلیم کے لیے ایک مثالی ادارہ قرار دیا۔سیشن کے اختتام پر دونوں اداروں کے مابین یادگاری شیلڈزکا تبادلہ کیا گیا۔ بعد ازاں، وفد نے 2005 کے زلزلے کے شہدا کی یادگار کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہید طلبہ، اساتذہ، اور عملے کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ وفد نے شہدا کی یاد کو محفوظ رکھنے کے لیے جامعہ کی کوششوں کو سراہا۔
اس کے بعد وفد نے لنکن کارنر اور شعبہ ہیلتھ اینڈ الائیڈ سائنسز کی جدید لیبارٹریوں کا دورہ کیا۔ شعبہ کے سربراہ،ڈاکٹر جنید میر نے وفد کو لیبارٹریز کی سہولیات اور ان کے علمی اور تحقیقی پہلوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ یہ دورہ جامعہ کشمیر اور نیشنل انسٹیٹوٹ آف منیجمنٹ پشاور کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ جامعہ آزاد جموں و کشمیر کی معیاری تعلیم، جدت، اور سماجی خدمت کے شعبے میں اعلی کارکردگی کو اجاگر کرنے کا ذریعہ ثابت ہوا۔ وفد نے امید ظاہر کی کہ دونوں ادارے مستقبل میں بھی تعاون جاری رکھیں گے۔