اسلام آباد(صبا ح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ تحریک انتشار گولی چلنے کا ثبوت کیوں نہیں لارہی؟وزیر اطلاعات نے پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ 9 مئی کو دھول اڑانے والے آج دھول بٹھانے کی باتیں کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انتشار گولی چلنے کا جھوٹا بیانیہ بنا رہی ہے، پوچھتا ہوں گولی چلی ہے تو ثبوت سامنے کیوں نہیں لاتے؟عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ غلیلوں، بنٹوں، پتھروں، اسٹن گنز اور آتشیں اسلحہ سے لیس شرپسندوں نے چڑھائی کی، بتایا جائے کہ دوڑ کیوں لگائی؟ موقع سے بھاگنے والے بہانے بنا رہے ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس اور رینجرز کے جوانوں کو شہید اور زخمی کیا، اس نقصان کا مداوا کون کرے گا؟ شہید جوانوں کا خون کس کے ہاتھوں پر تلاش کریں۔وفاقی وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ پرتشدد سیاست اور پرتشدد احتجاج پی ٹی آئی کا وتیرہ ہے، سوالات کا جواب دیں، الزامات لگا کر ان سے منہ مت پھیریں۔عطا تارڑ نے کہا کہ سانحہ 9 مئی کے تمام ثبوت موجود ہیں، تحریک انصاف کی پوری قیادت سانحہ 9 مئی میں ملوث ہے