اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکہ کی قائمقام سفیر نیٹلی بیکر نے ملاقات کی ہے ، گزشتہ دنوں اسلام آباد میں پولیس اور رینجرز اہلکاروں کی شہادت پر اظہار تعزیت کیا ہے ۔نیٹلی بیکر نے یمپئنز ٹرافی کے پاکستان میں انعقاد کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ،محسن نقوی نے کہا کہ ایف آئی اے کو ایف بی آئی کی طرز پر جدید ترین ادارہ بنانا چاہتے ہیں۔اس ضمن میں امریکہ کے تعاون کا خیر مقدم کریں گے۔ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ ایف آئی اے کو ایف بی آئی کی طرز پر جدید خطوط پر استوار کرنے اور نیشنل فرانزک ایجنسی کو جدید تقاضوں کے مطابق فعال کرنے میں امریکہ معاونت فراہم کرے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعدادکار بڑھانے میں امریکی تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے ، دہشتگردی اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے سول آرمڈ فورسز کو جدید آلات اور سازوسامان کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ قانونی دستاویزات کے حامل کسی بھی غیر ملکی کو اسلام آباد سے نہیں نکالا جا رہا لیکن غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو اسلام آباد میں رہنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔