سکھر(صباح نیوز)سکھر میں درخت کاٹنے کے تنازع پر شیخ برادری میں جھگڑا ہوگیا اور فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق اور ایک خاتون زخمی ہوگئیں۔ایس ایس پی سنگھار ملک کا کہنا ہے کہ سکھر کے علاقے تماچانی میں دوبھائیوں کے جھگڑے میں 6 افراد قتل ہوئے، غلام اکبر شیخ اور غلام شبیر شیخ گروپ میں درخت کاٹنے پر تصادم ہوا۔
ترجمان سکھرپولیس کے مطابق غلام اکبر، غلام شبیر، اویس شیخ اور ایک خاتون جاں بحق ہوئی، ہلاک ہونے والوں میں غلام اکبر شیخ اوراس کا بیٹا ارشد بھی شامل ہیں۔ علاوہ ازیں نواب شاہ کے علاقے مرزا پور میں زمین کے تنازع پرفائرنگ سے 5 افراد کی ہلاکت پر بھنڈ برادری کا لاشوں کے ہمراہ قومی شاہراہ پر دھرنا جاری ہے۔قاضی احمد میں قومی شاہراہ پر لاشوں کے ہمراہ دھرنے کو 45گھنٹوں سے زائدگزرگئے ہیں تاہم کوئی داد رسی کو نہ آیا، احتجاج کے باعث قومی شاہراہ پرگاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ مقدمے کے اندراج اور ملزمان کی گرفتاری تک دھرنا جاری رہیگا۔ادھرگورنر سندھ عمران اسماعیل نے آئی جی سندھ کو خط لکھ کر بھنڈ برادری کے 5 افراد اور پولیس افسر کے قتل کی تحقیقات کی رپورٹ طلب کرلی۔گورنر سندھ کا کہنا ہی کہ 2 قبیلوں کی زرعی زمین کے تنازع پر افسوس ناک واقعہ ہوا، واقعے سے متعلق جو تحقیقات کی گئیں رپورٹ دی جائے۔
خیال رہے کہ 2 روز قبل نواب شاہ کے علاقے مرزا پور میں دوبرادریوں کےدرمیان زمین کے تنازع پر جھگڑے کے بعد ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں پولیس کے ایڈیشنل ایس ایچ او سمیت 6 افرادجاں بحق ہوگئے تھے۔