بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، لائیوز اینڈ لائیولی ہڈ فنڈ اور اسلامی ترقیاتی بینک کے مابین مستحق افراد کی سکل ٹریننگ، روزگار کے مواقعوں اور معاشی بااختیاری کے اقدامات پر اشتراک

اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرپرسن  بینظیر  انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد اور سیکرٹری عامر علی احمد نے  لائیوز اینڈ  لائیولی ہڈ فنڈ (LLF) کے ڈاکٹر محمد عمر میر، آپریشنز لیڈ ، محترمہ مناہل نیازی، جی ایچ اے ایف کنسلٹنٹ اور اسلامی ترقیاتی بینک (ISDB) کے محمد علی یزدانی  سے بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد بی آئی ایس پی  مستحقین کیلئے  سکل ٹریننگ،  روزگار کے مواقعوں کی فراہمی اور انکومعاشی  طور پر بااختیار بنانے کے حوالے سے ایک پائلٹ پروجیکٹ شروع کرنے کے لیے  باہمی اشتراک پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔ یہ اقدام   چیئرپرسن بی آئی ایس پی کے دورہ لندن  کے دوران ہونے والی اہم ملاقاتوں  کی ایک کڑی تھا جس سے بی آئی ایس پی،بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاونڈیشن (بی ایم جی ایف)،  ایل ایل ایف، اور آئی ایس ڈی بی کے  مابین  بامعنی شراکت قائم کرنے کے عزم کو تقویت ملی۔ملاقات کے دوران خواتین کی تولیدی صحت ، غذائیت اورسروس سپورٹ  سے متعلق دیگر  اقدامات کو بینظیر نشوونما پروگرام کیساتھ منسلک کرنے کے حوالے  سے بھی  تبادلہ خیال کیا گیا۔ سینیٹر روبینہ خالد نے معاشرے کے پسماندہ طبقات کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لییگیٹس فانڈیشن، ایل ایل ایف اور آئی ایس ڈی بی کے ساتھ اہم شراکت داری قائم کرنے کے بی آئی ایس پی کے عزم کو اجاگر کیا۔سینیٹر خالد نے کہا، “معاشی بااختیاری تمام مسائل کا حل ہے اور یہ تصور شہید محترمہ  بینظیر بھٹو کے وژن سے مطابقت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا محترمہ کا کہنا تھا کہ ہنر آپ کا سب سے بڑا سرمایہ ہے۔ سینیٹر روبینہ خالد نے مزید کہا کہ پاکستان کو  مستحق افراد کی سکل ٹریننگ  پر توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے اور ہم اس مقصد کے حصول کیلئےBMGF،   LLF اور ISDB کے ساتھ تعاون کے منتظر ہیں۔

سیکرٹری بی آئی ایس پی عامر علی احمد نے باہمی مشاورت کے ذریعے ایک مناسب طریقہ کار اختیار کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے جلد ہی پائلٹ پروجیکٹ شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ بی آئی ایس پی،  گیٹس فانڈیشن، ایل ایل ایف اور آئی ایس ڈی بی کے ساتھ مل کر  پاورٹی گریجویشن حکمت عملی کے ایک حصے کے طور پر اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام کو نافذ کرنے کا  خواہشمند ہے جو مستحق افراد کو معاشی طور پر خود کفیل بنانے اورمزید مستحق افراد کی   اس پروگرام  میں شمولیت کو یقینی بنانا چاہتا ہے۔ ملاقات کے اختتام پردونوں فریقین کے مابین کامیاب شراکت داری کے فروغ کیلئے تکنیکی اور مالیاتی  تعاون کے حوالے سے لائحہ عمل تشکیل دینے کیلئے مزید مشاورت پر اتفاق کیا گیا