پنجاب بھر میں بچوں کی صحت اور علاج کے لیے تمام تر میسر وسائل مہیا کریں گے،مریم نوازشریف

لاہور(صباح نیوز ) پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ حکومت پنجاب نے ذیابیطس ،شوگر کے پیدائشی مریض بچوں کے لیے مفت انسولین کی فراہمی کا پراجیکٹ شروع  کردیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایت پر ٹائپ ون ڈایابیٹک بچوں کو انسولین ان کے گھر پر ہی پہنچائی جائے گی جس کے لیے متاثرہ بچوں کی رجسٹریشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔  منصوبے کے تحت ذیابیطس ٹائپ ون میں مبتلا بچوں کو انسولین کی فراہمی کے لیے خصوصی ہیلپ لائن 1033بھی قائم کردی گئی ہے۔

متاثرہ بچوں کیلئے مفت انسولین کے حصول کے لیے تحصیل یا ضلع میں این سی ڈی کلینک پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔  وزیراعلیٰ پنجاب نے پروجیکٹ کے آغاز پر کہا کہ ننھے بچے پھول کی مانند ہوتے ہیں انہیں مرجھانے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں خود ماں ہوں، بچوں کی تکلیف اور بیماری کا شدت سے احساس ہے۔  

انہوں نے کہا کہ ٹائپ ون ڈایابیٹک بچوں کو اسپتال آنے جانے کی کوفت سے بچانے کے لیے گھر بیٹھے انسولین فراہم کی جائے گی۔  وزیراعلی پنجاب نے مزید کہا کہ ٹائپ ون ڈایابیٹک بچوں کو تاحیات انسولین کی ضرورت ہوتی ہے، والدین کا بوجھ بٹائیں گے۔  مریم نوازکا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں بچوں کی صحت  اور علاج کے لیے تمام تر میسر وسائل مہیا کریں گے۔