دبئی (صباح نیوز) چیمپئنزٹرافی 2025 ء کے پاکستان میں شیڈول پر غور کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) نے 29نومبر کو بورڈ میٹنگ طلب کرلی۔ آئی سی سی کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ یہ میٹنگ آن لائن منعقد ہوگی اور تمام بورڈ ممبران کو ایجنڈا بھیج دیا گیا ہے۔ میٹنگ کے دوران چیمپئنز ٹرافی کی شیڈولنگ اور مستقبل پر غور کیا جائے گا، اجلاس میں چیمپئنز ٹرافی پر مختلف آپشنز پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ان آپشنز میں چیمپئنز ٹرافی کا ہائبرڈ ماڈل، پاکستان سے مکمل منتقلی، یا ٹورنامنٹ کا التوا شامل ہیں۔ پاکستان ہائبرڈ ماڈل پر نہ مانا تو ووٹنگ کے ذریعے میزبانی چھیننے کی کوشش ہوگی، ڈالرز کے ذریعے موقف سے پیچھے ہٹنے کا پلان بھی سامنے آ چکا۔
دوسری جانب پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ میزبانی میں کسی دوسرے ملک کو شریک کریں گے نہ ہی اضافی رقم لینے کی پیشکش قبول کریں گے، ہم مکمل ایونٹ کا انعقاد اپنے ملک میں ہی کرنا چاہتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ اراکین کی رائے اور تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے چیمپئنز ٹرافی کے پر آئی سی سی کوئی حتمی فیصلہ کرے گا۔ واضح رہے کہ بھارت پاکستان آکر ٹورنامنٹ کھیلنے سے انکار کر چکا ہے جبکہ دوسری جانب پاکستان کسی بھی ہائبرڈ ماڈل قبول نہ کرنے کے اپنے موقف پر قائم ہے۔ ادھر بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث آئی سی سی تاحال شیڈول اعلان نہیں کر سکی ہے۔آئی سی سی کو براڈ کاسٹرز کی جانب سے شیڈول کے جلد اعلان کے لیے دبائو کا سامنا ہے اور براڈ کاسٹ رائٹس کے مطابق پاک بھارت میچ نہ ہونے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو قانونی چارہ جوئی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔