راولپنڈی(صباح نیوز)راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں جی ایچ کیو حملہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی پی ٹی آئی سمیت 120 ملزمان پر فرد جرم ایک بار پھر موخر ہوگئی۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے سانحہ 9 مئی کے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کی، جس میں پاکستان تحریک انصاف کے وکیل محمد فیصل ملک عدالت میں پیش ہوئے۔
وکیل کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ راستوں کی بندش کی وجہ سے ملزمان کا عدالت میں پیش ہونا ممکن نہیں ۔بعد ازاں عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں فرد جرم کی کارروائی 28 نومبر تک موخرکردی، 9 مئی کے اس کیس میں فرد جرم کی کارروائی ملزمان کی عدم حاضری کے باعث ملتوی کی گئی۔ اسلام آباد ، راولپنڈی سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں پی ٹی آئی احتجاج سے نمٹنے کے لیے راستوں کی بندش کی وجہ سے شاہ محمود قریشی کو بھی لاہور سے راولپنڈی عدالت میں پیش نہیں کیا جا سکا، اسی طرح شیخ رشید احمد و دیگر بھی عدالت میں پیش نہیں ہو سکے۔یاد رہے کہ سماعت میں بانی پی ٹی آئی سمیت جی ایچ کیو حملہ کیس کے 120 ملزمان پر فرد جرم عائد ہونی تھی۔