اسلام آباد (صباح نیوز) ترجمان پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے دیئے گئے اہداف کامیابی سے حاصل کریں گے۔ ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ بشری بی بی پشاور سے نکلنے والے پی ٹی آئی کے سب سے بڑے قافلے کا حصہ ہیں۔ قافلہ علی امین گنڈاپور کی قیادت میں پشاور سے روانہ ہو چکا ہے۔ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے دیئے گئے اہداف کامیابی سے حاصل کریں گے۔ بشری بی بی ورکرز کے شانہ بشانہ مطالبات کے حق میں اسلام آباد جا رہی ہیں۔پارٹی ترجمان نے بتایا کہ بشری بی بی کا کہنا ہے کہ ورکرز کو اس وقت اکیلا نہیں چھوڑا جا سکتا، ہم ورکر سے فیملی کی شمولیت کی توقع رکھتے ہیں تو بانی کی فیملی پہلے سے مارچ کا حصہ ہوگی۔ اڈیالہ میں ناحق قید بانی پی ٹی آئی کی کال پر قوم آج متحرک ہے، حکومت ملک بھر میں کرفیو لگا کر خود رکاوٹوںاور کنٹینرز کے پیچھے چھپ گئی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ پر کھلے ڈاکے سے وجود پذیر نظام سر سے لیکر پیر تک لرز رہا ہے، کچھ بوریا بستر سروں پر اٹھائے فرار کی راہیں کھوج رہے ہیں۔ ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق انٹرنیٹ بند کر کے خود کو محفوظ بنانے کیلئے ہاتھ پائوں مار رہے ہیں۔ یہ لوگ ریاستی مشینری اور عوام میں پرتشدد تصادم کی اُمیدیں لگائے بیٹھے ہیں۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاستی مشینری کی ذمہ داری ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی کال اور ہدایات کے مطابق عوام مکمل طور پرامن ہیں، پرامن احتجاج کے شرکا کیخلاف طاقت، تشدد، اشتعال انگیز کارروائی سے گریز کریں۔پی ٹی آئی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ مینڈیٹ چوروں کیخلاف قوم کی پرامن جدوجہد کو ذاتی لڑائی بنانے سے گریز کیا جائے، 24 نومبر کا یہ دن ملکی تاریخ میں حقیقی آزادی کا عنوان بن کر طلوع ہوا ہے۔