پی ٹی آئی احتجاج ملک کے وقار کے ساتھ سوچی سمجھی سازش ہے، اسحاق ڈار


اسلام آباد(صباح نیوز)نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اہم بین الاقوامی شخصیت کی آمد کے وقت ہی احتجاج کی کال کیوں دیتی ہے۔ پی ٹی آئی کا احتجاج ایک سیاسی احتجاج ہے یا ملک کی عزت اور وقار کے ساتھ سوچی سمجھی سازش اور کھیل ہے۔موجودہ صورتحال پر نائب وزیر اعظم نے اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ کہ بار بار تحریکِ انصاف کیوں احتجاج کی کال ایسے وقت یا دن دیتی ہے جب اہم بین الاقوامی شخصیات پاکستان  آ رہی ہوں۔

نائب وزیر اعظم نے کہا کہ 14 اکتوبر کو چینی وزیرِ اعظم کا دورہ ہو، ایس سی او سمٹ کے لیے سربراہانِ مملکت کی آمد ہو یا کل شروع ہونے والا بیلاروس کے صدر کا دورہ جس کے لیے ان کے وزرا اور اہم کاروباری شخصیات کی اسلام آباد آج آمد ہے لیکن پی ٹی آئی نے پھر احتجاج کی کال دے دی ا ور انہوں نے پھر دھاوا بول دیا ہے۔۔اسحاق ڈار نے اپیل کی کہ خدارا پاکستان کو اپنی گھٹیا سیاست پر فوقیت دیں، پاکستان کے عوام پر رحم کریں۔ اپنی سیاست کو ملکی مفاد پر ترجیح نہ دیں۔