لاہور (صباح نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیا قی احسن اقبال نے کہا ہے کہ نو مئی کے بعد دھرنا گرو کو احتجاج کی اجازت دینا خطرناک ہے۔پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ حکومت آج ایک صورت حال کا سامنا کر رہی ہے ، پی ٹی آئی ملک میں افراتفری پیدا کر کے معاشی بحالی کو ناکام بنانا چاہتی ہے ،
حکومت نے ہمیشہ ان کے ساتھ نرمی برتی لیکن اس کا نقصان نو مئی جیسا واقعہ ہوا۔احسن اقبال نے کہا کہ نو مئی کے بعد اس گرو سے خیر کی توقع رکھنا رسک والی بات ہے، امید ہے ان کا دھرنا آج ناکام اور حالات ٹھیک ہوجائیں گے، بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری انتظامیہ کی جانب سے نہیں کی گئی جو رہائی کا مطالبہ مان لیا جائے، ان کے مقدمات عدالت میں ہیں، حکومت کے پاس چھوڑنے کا اختیار نہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ وہی مہاتما ہے جو 2014 میں اسٹیبلشمنٹ کی وجہ سے حکومت میں آئے تھے اور اب ایمپائر کی طرف دیکھ رہے ہیں، جنہوں نے 2018 کے الیکشن میں اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مل کر آر ٹی ایس سسٹم بٹھایا تھا، آج بھی وہ اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کرنا چاہتے ہیں، یہ کونسی آزادی کی جنگ ہے؟۔ بانی پی ٹی آئی نے مجھ سمیت مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت کو انتقامی ہتھکنڈوں کا نشانہ بنایا، ہم نے ان جھوٹے اور بوگس مقدموں کے ردعمل میں امریکی کانگریس میں جاکر ان کے کانگریس مین اور سینیٹرز کے پائوں پکڑے تھے، نہ ہم نے برطانوی ہائوس آف لارڈز میں ان کے لارڈز کے آگے ہاتھ باندھ کر استدعا کی تھی، نہ ہی ہم نے اقوام متحدہ یا کسی بین الاقوامی فورم پر جاکر پاکستان کے خلاف اپنا مقدمہ پیش کیا تھا۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے اپنے گھر کی جنگ گھر کے اندر قانون اور عدالت کے ذریعے لڑی تھی اور پھر ایک ایک کرکے ہمیں ان مقدمات میں ضمانتیں ملیں اور بانی پی ٹی آئی کے دور میں ملیں اور وہ مقدمات جھوٹے ثابت ہوئے۔انہوں نے کہاکہ ہم نے کبھی بانی پی ٹی آئی سے مطالبہ نہیں کیا تھا کہ ہمیں رہا کیا جائے، ہم نے اپنے کیس عدالتوں میں لڑے تھے۔ انہوں نے کہاکہ اگر بانی پی ٹی آئی سمجھتے ہیں کہ وہ بے گناہ ہیں اور ان کے خلاف مقدمات جھوٹے ہیں تو اس کا راستہ یہ نہیں ہے کہ وہ ملک کے اندر توڑ پھوڑ کریں اور ملک کی بدنامی کے لیے بین الاقوامی سطح پر مہم چلائیں، اسکا راستہ یہ ہے کہ آپ عدالتوں میں اپنی بے گناہی پیش کریں۔انہوں نے کہاکہ اگر بانی پی ٹی آئی کے خلاف درج توشہ خانہ کیس اور القادر ٹرسٹ کیس کا جائزہ لیں تو ان میں ناقابل تردید شواہد موجودہیں، اگر آپ ان مقدمات میں بے گناہ تو آپ کا فرض ہے کہ اپنے وکیلوں کو کہیں کہ ان مقدمات کا جلد از جلد مکمل کریں تاکہ ان مقدمات کا جھوٹ سامنے آسکے۔احسن اقبال نے کہا کہ ان مقدمات کے ٹرائلز کا جائزہ لیں تو بانی پی ٹی آئی اور ان کے وکلا کی ٹیم مسلسل ان مقدمات کے ٹرائلز میں التوا کے ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے، انہوں نے فارن فنڈنگ کیس سالوں تک مختلف عدالتوں میں لٹکایا کیوں کہ انہیں معلوم تھا کہ ٹرائل ہوگا تو ہم گناہ گار پائے جائیں گے، اسی طرح القادر ٹرسٹ اور توشہ خانہ کیس میں بھی انہیں معلوم ہے کہ جب ٹرائل مکمل ہوگا تو ان میں اتنے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کو سزا ہوگی۔