کراچی(صباح نیوز) الخدمت ویمن ونگ ٹرسٹ پاکستان کے تحت لبنانی وفلسطینی خواتین اور نوزائیدہ بچوں کی ضروریات پر مبنی سامان کی میگا پیکنگ ڈرائیو کا اہتمام کیا گیا ۔ مقامی ہال میں ہونے والی میگا پیکنگ ڈرائیو میں الخدمت خواتین ٹرسٹ کی رضاکار خواتین ،اسکولز ،کالجز اور یونیورسٹیز کے طلبہ وطالبات نے بڑی تعداد میں حصہ لیا ۔فلسطینی ولبنانی خواتین کیلئے تیار کیے جانے والے سامان میں ادویات ،ملبوسات ،غذائی اجناس ، حاملہ خواتین و نوزائیدہ بچوں کی ضروریات کا سامان اور ہائی جین کٹس شامل تھیں۔اس موقع پر کروڑوں روپے مالیت کاامدادی سامان پیک کیا گیاجو لبنان بھیجا جائے گا۔ صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے پیکنگ ڈرائیو کا معائنہ کیا اور پیکنگ کے عمل کو دیکھا، اپنے اطمینان کا اظہار کیااور خواتین اور رضاکاروں کے جذبے کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ لبنان اور فلسطین میں صورت حال خرات ہے،انہوں نے بتایا کہ انہوں نے خود لبنا ن میں جنگ سے متاثرہ کیمپو ں کا دورہ کیا ہے،وہاں کیمپوں میں لوگوں کے پاس کھانے پینے اور ضروریات زندگی کا کوئی سامان نہیں اور لوگ پریشان کن زندگی گزار رہے ہیں۔
ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے کہا کہ آپ کا جذبہ قابل قدر ہے ۔ اب تک کروڑوں روپے کا سامان لبنان اور فلسطین کے متاثرین کو بھیجا جا چکا ہے ،جلد ان شااللہ یہ امداد بھی ان متاثرین تک پہنچے گی ۔ ڈاکٹر حفیظ الرحمن صدر الخدمت فاؤنڈیشن نے ملک و قوم سے اپیل کی کہ وہ مظلوم فلسطینی ولبنانی بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے بھرپور طریقے سے الخدمت کا ساتھ دیں۔
نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اعجاز اللہ خان نے بھی میگا پیکنگ ڈرائیو سرگرمی کا دورہ کیا اور وہاں پیکینگ کا عمل دیکھا،انہوں نے کہا کہ الخدمت مشکل کی گھڑی میں پریشان حال فلسطینی ولبنانی بہن بھائیوں کے ساتھ ہے،ان کی مکمل بحالی ساتھ الخدمت ان کے ساتھ ہے۔ چیئرپرسن الخدمت ویمن ونگ ٹرسٹ نویدہ انیس نے کہا کہ اب تک الخدمت ویمن ونگ ٹرسٹ 3کروڑ مالیت کے5 کنٹینرز الخدمت فاونڈیشن کے گوداموں میں پہنچاچکی ہے۔الخدمت ویمن ونگ ٹرسٹ لبنانی وفلسطینی بہن بھائیوں کی امداد کا یہ سلسلہ جاری رکھے گا۔