پاکستان نے ہمیشہ دولت مشترکہ کے فیصلوں کی پاسداری کی۔سردار ایاز صادق


 اسلام آباد(صباح نیوز)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے برطانیہ کے وزیروپارلیمانی انڈرسیکریٹری برائے امور خارجہ، دولتِ مشترکہ اور ترقی ہمیش فالکنر نے ملاقات کی۔منگل کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیا ن کے مطابق سپیکر نے پارلیمنٹ ہاس آمد پر ہمیش فالکنر کا خیر مقدم کیا۔سپیکر نے برطانیہ کے پارلیمانی انڈر سیکریٹری برائے امور خارجہ، دولتِ مشترکہ و ترقی، ہمیش فالکنر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

سپیکر نے دولت مشترکہ کے رکن ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط میں اضافے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان دولت مشترکہ کا ایک فعال اور سرگرم رکن ہے،دولت مشترکہ کا ایک ذمہ دار رکن ہونے کی حیثیت سے پاکستان نے ہمیشہ دولت مشترکہ کے فیصلوں اور پالیسیوں کی پاسداری کی ہے۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان میں جمہوری اداروں کو مستحکم بنانے کے لیے برطانیہ اور دولت مشترکہ کی کاوشیں قابل تحسین ہیں،پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے دیرینہ، تاریخی اور دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔وزیر/پارلمانی انڈر سیکرٹری ہمیش فلکنر نیپاکستان میں جمہوری اداروں کو مستحکم بنانے کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔پارلیمانی انڈر سیکریٹری برائے امور خارجہ، دولتِ مشترکہ اور ترقی، ہمیش فالکنر نے پرتپاک استقبال پر سپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔