دفاعی نمائش اور سیمینار آئیڈیاز 2024کا 12 واں ایڈیشن کراچی میں شروع


کراچی (صباح نیوز)دفاعی نمائش اور سیمینار آئیڈیاز 2024کا 12 واں ایڈیشن منگل کوکراچی ایکسپو سینٹر میں شروع ہوگیا ہے ۔نمائش میں وسیع پیمانے پر جدید اور روایتی دفاعی آلات، ہتھیاروں اور گاڑیوں کی نمائش کی جائے گی۔عالمی دفاعی ماہرین آئیڈیاز 2024نمائش میں گہری دلچسپی ظاہر کر رہے ہیں

۔دفاعی پیداوار اور برآمدات خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ترجیحات میں شامل ہیں۔کراچی میں عالمی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 کی تیاریاں مکمل، 12 ویں آئیڈیاز 2024،  22 نومبر تک ایکسپو سینٹر کراچی میں جاری رہے گی، 4 روزہ نمائش میں ملک میں تیار کی گئی دفاعی مصنوعات پیش کی جائیں گی.نمائش میں پاکستان کا تیار کردہ جدید لڑاکا ڈرون شاہپرتھری بھی متعارف کرایا جائے گا جبکہ ساتھ ہی جدید ٹیکنالوجی سے لیس دفاعی مصنوعات اور ساز و سامان کو دنیا کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ڈیپو کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر علی عادل کے مطابق یہ نمائش دفاعی صنعت کے ساتھ ساتھ ملک کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔انہوں نے بتایا کہ یہ خطے میں دفاعی ساز و سامان کی سب سے بڑی نمائش ہے، اس بار نمائش میں 55 ممالک کے 330 غیر ملکی نمائش کنندگان اور 33 وفود شرکت کر رہے ہیں۔کموڈور اعتزاز خالد نے بتایا کہ ایران، اٹلی، اور یوکرین پہلی بار اس نمائش میں شامل ہو رہے ہیں گزشتہ سال  کے  مقابلے میں اس مرتبہ 17 کے قریب نئے ممالک بشمول ایران، اٹلی اوربرطانیہ شرکت کررہے ہیں، جبکہ چین اور ترکی کے لیے خصوصی تین پویلین بنائے گئے ہیں۔

آئیڈیاز دفاعی نمائش ہر دو سال بعد منعقد ہوتی ہے، چار روزہ نمائش کے دوران سرشاہ سلیمان روڈ حسن اسکوائر سے اسٹیڈیم تک صبح 7 سے شام 7 بجے تک بند رہے گی۔دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 کے موقع پر حفاظتی نکتہ نظر کے تحت کراچی بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔ شہر قائد میں دفعہ 144 کا نفاذ 7 دن کے لیے کیا گیا ہے۔کمشنر کراچی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی کا اطلاق 18 نومبر سے 24 نومبر تک ہوگا، ان ایام میں جلسے، جلوس، ریلیاں نکالنے پر سخت پابندی ہوگی۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ نافذ کردہ دفعہ 144کے تحت 5 سے زائد افراد کے ایک جگہ جمع ہونے پر پابندی ہوگی۔ دفعہ 144 ایڈیشنل آئی جی کی درخواست پر لگائی گئی، دفعہ 144کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی کا نفاذ دفاعی نمائش میں شرکت کرنے والے مقامی اور غیر ملکی شرکا کی سہولت کے لیے کیا گیا ہے۔