نئی دہلی (صباح نیوز) بھارتی ریاست تلگانہ کے شہر حیدر آباد میں جماعت اسلامی بھارت کا تین روز ہ سالانہ اجتماع ارکان ختم ہو گیا ہے ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ جماعت اسلامی2025
کو عروج کا سال بنائے گی ، رائے عامہ کی تشکیل اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے پرامن جدوجہد کا عزم ، سالانہ اجتماع ارکان سے اختتامی خطاب میں امیر جماعت، سید سعادت اللہ حسینی نے ارکان جماعت کو سچائی اور انصاف کے اصولوں پر معاشرے کی تعمیر کے لیے اپنے آپ کو وقف کردینے کی نصیحت کی۔ سید سعادت اللہ حسینی نے ارکان جماعت کو اس مقدس عہد کی یاد دہانی کروائی جو انہوں نے دین کی خدمت کے لیے جماعت کا کا رکن بننے کے وقت کیا تھا۔
انہوں نے نے زور دیا کہ دین سے سچی وابستگی کا تقاضہ ہے کہ ہم میں سے ہر فرد نہ صرف ایمان کو مضبوط سے مضبوط تر کرے بلکہ اپنے ارد گرد کے ماحول کو بھی اپنے فرض منصبی کی ادائیگی کے ذریعہ ایمان کی روشنی سے منور کرے۔امیر جماعت نے ارکان کو آپس میں باہمی تعاون، اشتراک، اور یکجہتی کو فروغ دینے کی تلقین کی اور خبردار کیا کہ چھوٹے اور لایعنی مسائل میں الجھنے سے زندگی کے اعلی مقاصد سے توجہ ہٹ سکتی ہے، ہمیں اپنی زندگیوں کو فضول، لایعنی اور منفی چیزوں سے بچانا چاہیے ۔
اس موقع پر امیر جماعت نے ارکان جماعت کو متوجہ کیا کہ خود احتسابی، ذاتی تزکیہ و تربیت پر توجہ، اللہ سے مضبوط روحانی تعلق اور اچھے اخلاق بہتر معاشرے کی تعمیر کے لیے ناگزیر ہیں۔اس سہ روزہ اجتماع ارکان کے آخری دن بھارت کے مختلف حصوں سے منتخب مقامی اور ریاستی سطح کے ذمہ داران نے اپنے کامیاب تنظیمی تجربات اور سماجی کاموں سے شرکا اجتماع کو واقف کراویا، مولانا رضی الاسلام ندوی نے فقہی و مسلکی معاملات میں اعتدال پسندانہ رویئے کی ضرورت و اہمیت پر ارکان کومتوجہ کیا۔ اجتماع میں مختلف سماجی، تعلیمی اور اقتصادی نیز اخلاقی و روحانی معاملات پر شرکا کی رہنمائی کی گئی ۔ ایک خصوصی نمائش IDRAK Tahreek Showcase کے ذریعے ملک بھر میں چلنے والے 100 سے زائد کامیاب کمیونٹی اور سماجی ترقی کے پروجیکٹس کو پیش کیا۔