محکمہ داخلہ پنجاب نے قیدیوں کی سزا میں معافی کے قواعد و ضوابط جاری کردیئے


لاہور(صباح نیوز)محکمہ داخلہ پنجاب نے قیدیوں کی سزا میں معافی کے قواعد و ضوابط اور معیار جاری کر دیئے۔جاری کردہ قواعد و ضوابط کے مطابق جیل میں مشقت، اچھے کردار کا مظاہرہ، تعلیم کا حصول، خون کا عطیہ اور سپیشل معافی کی 5 صورتیں ہیں۔

اچھے کردار کے حامل قیدی کو 1 سال قیدِ بامشقت مکمل ہونے پر 15 دن کی قید معافی ہو گی۔ قید کے دوران میٹرک، انٹر، بی اے یا ایم اے کرنے والے قیدیوں کو 6 ماہ سے 10 ماہ سزا کی معافی ملے گی۔دورانِ قید حفظ القرآن و ترجمہ مکمل کرنے والے قیدی کو 6 ماہ سے 2 سال سزا کی معافی ملے گی۔جیل قوانین کے مطابق قیدیوں کو سپرنٹنڈنٹ جیل 30 یوم، آئی جی جیل 60 یوم، سیکرٹری داخلہ 90 یوم اور وفاقی حکومت 60 یوم کی سپیشل معافی دے سکتی ہے۔

صدر کی جانب سے جاری کردہ معافی آرٹیکل 45 کے تحت تمام قوانین پر فوقیت رکھتی ہے۔جیل قوانین کے مطابق سزا یافتہ قیدی خون عطیہ کرنے پر 30 یوم معافی کا حق دار ہے، 4 ماہ سے کم قیدِ بامشقت سزا پانے والے قیدی بعوض مشقت معافی کے حق دار نہیں ہوں گے۔سزائے موت سے عمر قید میں تبدیل ہونے والے قیدیوں کو کم سے کم اسکیل کے مطابق معافی دی جائے گی۔