پاکستان کوپ-29 میں اپنے موسمیاتی اقدامات اور سموگ سمیت چیلنجز کو اجاگر کرے گارومینہ خورشید عالم


اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم نے کہا ہے کہ پاکستان آذربائیجان میں اقوام متحدہ کی آئندہ موسمیاتی تبدیلی کانفرنس کوپ-29 میں اپنے موسمیاتی اقدامات اور سموگ سمیت چیلنجز کو اجاگر کرے گا۔

اتوار کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کوپ-29 بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون اور اہم آب و ہوا کے معاملات پر اپنی پوزیشن کو مضبوط بنانے کی ایک وسیع حکمت عملی کا حصہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مل کر کام کرنے سے، حکومتیں، علاقے، شہر، کاروبار اور افراد علم، وسائل اور مہارت کا موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے پیچیدہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اشتراک کر سکتے ہیں

، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی کوششیں قابل ستائش ہیں، پھر بھی ان چیلنجوں سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے مزید اقدامات کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ایک سوال کے جواب میں رومینہ خورشید عالم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کوپ۔29 میں پاکستان کی آب و ہوا کی نزاکت اور لچکدار حکمت عملی کو نمایاں طور پر پیش کیا جائے گا۔رومینہ خورشید عالم نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

انہوں نے میڈیا، نوجوانوں اور این جی اوز پر زور دیا کہ وہ اس نازک مسئلے کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے حکومت کے ساتھ شراکت کریں۔انہوں نے کہاکہ باہمی تعاون آب و ہوا کے انصاف کو فروغ دینے اور کمیونٹیز کو کارروائی کرنے کے لیے بااختیار بنانے میں اہم ہے۔