سینیٹر روبینہ خالد کی آکسفورڈ پالیسی مینجمنٹ کے کنٹری ڈائریکٹر سے ملاقات

 اسلام آباد(صباح نیوز) چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے آکسفورڈ پالیسی مینجمنٹ (او پی ایم) کے کنٹری ڈائریکٹر رف خان سے بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران  پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد  کی موسمیاتی تبدیلی کے باعث صحت ، تعلیم  اور روزگار پر ہونے والے اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی پاکستان بالخصوص  غریب افراد کیلئے ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔  بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے 14 اگست   کو “سرسبز پاکستان، بینظیر پاکستان” کے نام سے شجر کاری مہم کا آغاز کیا اور ملک بھر میں اپنے 93 لاکھ مستحق خاندانوں  میں   آگاہی پیدا کرتے ہوئے انہیں اس مہم کا حصہ بنایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام مستحق خاندانوں کے افراد کیلئے سکل ٹریننگ کا آغاز بھی کررہا ہے۔  دنیا بھر میں سکلڈ لیبر کی ڈیمانڈ پائی جاتی ہے۔ ہماری قوم کا روشن مستقبل سکل ٹریننگ سے وابستہ ہے جو انہیں بہتر معیار زندگی فراہم کرسکتی ہے۔  کنٹری ڈائریکٹر  رف خان نے  آکسفورڈ پالیسی مینجمنٹ کی جانب سے  بی آئی ایس پی کیساتھ باہمی مشاورت  سے کام کرنے  کی یقین دہانی بھی کرائی۔