امید ہے 24 گھنٹے میں انتظار حسین پنجوتھہ ریکور ہو جائیں گے،اٹارنی جنرل

اسلام آباد(صباح نیوز)اٹارنی جنرل آف پاکستان منصورعثمان اعوان نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو آگاہ کیا ہے کہ امید ہے 24 گھنٹے میں انتظار حسین پنجوتھہ ریکور ہو جائیں گے۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے بانی پی ٹی آئی کے فوکل پرسن انتظار حسین پنجوتھہ کی بازیابی درخواست پر سماعت کی۔ ایڈووکیٹ فیصل چوہدری، علی بخاری اور نیاز اللہ نیازی عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ 24 گھنٹے پھر اب سے شروع ہوں گے؟ اٹارنی جنرل منصور اعوان نے جواب دیا کہ جی، کل اِسی وقت تک انتظار پنجوتھہ واپس آ جائیں گے۔ چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر انتظار پنجوتھہ آ جاتے ہیں تو ٹھیک ورنہ آئندہ سماعت پر آپ دوبارہ پیش ہوں۔فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا کہ اٹارنی جنرل نے امید دلائی ہے تو ہم امید ہی کر سکتے ہیں، ہم چاہتے ہیں انتظار حسین پنجوتھہ خیریت سے واپس آ جائیں۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس کی مزید سماعت پیر تک ملتوی کر دی۔