راولپنڈی (صباح نیوز)خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کے علاقے بکاخیل میں دہشت گردوں کے خلاف دوران آپریشن بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے میجر عاطف خلیل شہید، نائیک آزاد اللہ شہیداور لانس نائیک غضنفر عباس کو ان کے آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کردیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا،
آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو موثر انداز میں نشانہ بنایا۔آپریشن کے دوران شہید میجر عاطف خلیل آپریشن کی قیادت کرتے ہوئے جام شہادت نوش فرما گئے، ان کے ساتھ نائیک آزاد اللہ اور لانس نائیک غضنفر عباس بھی بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق میجر عاطف خلیل شہید کی نماز جنازہ میں کور کمانڈر راولپنڈی اور کور کمانڈر پشاور نے شرکت کی۔
شہدا کی نمازِ جنازہ اور تدفین میں اعلی عسکری وسول حکام، پاک فوج کے جوانوں، شہدا کے لواحقین اور عمائدین علاقہ نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہمارا عزم و حوصلہ بلند ہے اور شہدا کی یہ عظیم قربانیاں دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ میں ہماری طاقت ہیں۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ میجر عاطف خلیل شہید کا تعلق ضلع سدھنوتی آزاد کشمیر سے ہے اور ان کی عمر 31سال ہے۔
میجر عاطف خلیل شہید نے 8 سال سے زائد عرصے تک دفاعِ وطن کا مقدس فریضہ سر انجام دیا، انہوں نے سوگواران میں والدین، بہن بھائی، اہلیہ اور ایک بیٹی چھوڑے ہیں۔نائیک آزاد اللہ شہید کا تعلق ضلع کرک سے ہے اور ان کی عمر 36 سال ہے۔ نائیک آزاد اللہ شہید نے اپنی زندگی کے 15 سال پاک فوج میں رہتے ہوئے وطن عزیز کا دفاع کیا۔ ان کے سوگواران میں اہلیہ ، دو بیٹے اور بیٹی شامل ہیں۔35 سالہ لانس نائیک غضنفر عباس شہید کا تعلق ضلع لیہ سے ہے، انہوں نے 14 سال تک وطن عزیز کے دفاع کا فریضہ سرانجام دیا۔ نائیک غضنفر عباس شہید کے سوگواران میں اہلیہ، بیٹی اور ایک بیٹا شامل ہیں۔