راولپنڈی (صباح نیوز)رہنما پی ٹی آئی علی محمد خان نے کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کیساتھ بیرون ملک کسی نے بدتمیزی کی ہے تو حمایت نہیں کرتے مگر عوام کے احتجاج اور غم و غصے کو سمجھیں عوام ناراض ہیں،آپ بڑے عہدوں پر بیٹھے چھوٹے چھوٹے بونے ہیں، جن کے ساتھ عوام وہ سلوک کریں گے دنیا یاد رکھے گی۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران رہنما پی ٹی آئی علی محمد خان نے کہا کہ مجھے عدالتی حکم کے باوجود آج پھر بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، مجھے روکنے سے آپ کو کیا فائدہ اور مجھے کیا نقصان ہو سکتا ہیں ، علی ظفر سمیت ہمارے وکلا کو بھی تین گھنٹے تک روکا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ان حرکتوں سے آپ بانی پی ٹی آئی اور ہمارے حوصلے نہیں توڑ سکتے، ہم تب تک آتے رہیں گے جب تک قوم اور امت کا لیڈر یہاں سے عزت کے ساتھ نکل نہیں جاتا، جیلوں میں وقت گزار کر ہم نے بہت سی ایسی چیزیں دیکھیں جو پہلے نہیں دیکھی تھیں۔انہوں نے کہا کہ انشا اللہ حکومت میں آکر جیلوں کی حالت بہتر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک شخص بہت گنہگار بھی ہے توانسان نا، آپ عام آدمی کا کیا خیال کریں گے ،آپ نے سابق وزیر اعظم کو 6دن کال کوٹھری میں بجلی کے بغیر رکھا، آپ نے کیا ثابت کیا کہ آپ کا قد چھوٹا ہو گیا، عمران خان کا قد تو اور بڑا ہو گیا، آپ اس بڑے انسان کے سامنے چھوٹے قد کے بونے لگ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کے ساتھ عوام وہ سلوک کریں گے کہ دنیا یاد رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم کسی کی بے عزتی کے قائل نہیں، سابق چیف جسٹس کے ساتھ باہر کسی نے بدتمیزی کی ہے تو ہم اسے سپورٹ نہیں کرتے لیکن عوام کے احتجاج غم وغصے کو سمجھیں کہ عوام ناراض ہیں۔انہوں نے کہا کہ قوم آپ اور فیصلہ سازی سے متفق نہیں جس طرح آپ حکومت چلا رہے ہیں یا چلوا رہے ہیں اس سے سب کچھ چل سکتا ہے لیکن ملک نہیں چل سکتا، کوئی ملک میں سرمایہ کاری کیلئے نہیں آرہا ،زمانہ گزر گیا اسٹیل مل کو فوت ہوئے۔انہوں نے کہا کہ کیا سٹیل مل، پی آئی اے کو بانی پی ٹی آئی نے تباہ کیا ، پاکستان ریلوے کی حالت مردہ گھوڑے کی طرح ہے، لوگ سالہا سال سے گھروں میں بیٹھ کر مفت کی تنخواہیں لے رہے ہیں، کوئی ادارہ،کوئی جگہ آپ نے نہیں چھوڑی، اس ملک کا کیا بنے گا ، بانی پی ٹی آئی کا آپ کیا کر لیں گی جب تک اللہ نے لکھا ہے وہ رہے گا ،کوئی دنیاوی طاقت اسے ہم سے دور نہیں کر سکتی۔انہوں نے کہا کہ آپ جتنا بانی پی ٹی آئی کو عوام سے دور رکھ رہے ہیں اتنا پاکستان ترقی اور استحکام سے دور ہوتا جا رہا ہے، یہ نقصان آپ سمجھیں یہ بانی پی ٹی آئی یا جماعت کا کم، یہ ملک اور آپ کے بچوں کا بھی ہے، آپ کے بچوں نے اس ملک میں نہیں رہنا،کیا سب ملک چھوڑ کر جزیروں میں چلے جاگے۔
انہوں نے کہا کہ ایک تو یہاں لوگوں کو جزیرے خریدنے کی بڑی بیماری ہے، جزیرہ چھوڑو، پاکستاں کا سوچو، یہاں ہمارے پرکھوں کی ہڈیاں دفن ہیں، اگر آپ آج مال بٹور کے، ملک لوٹ کے، تباہ و برباد کرکے، ایسے فیصلے کرکے کہ آپ کسی کو چہرہ نہ دکھا سکیں۔انہوں نے کہا کہ یاد رکھیں آپ کے بچے آپ کی قبروں کے پاس بھی نہیں آئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے مجھ پر دہشت گردی ایکٹ، سیکرٹ ایکٹ لگا دیے، میرے مردان کے عوام نے مجھے ایک لاکھ ووٹ سے جتوا دیا، آپ عمران خان پر پرچہ کاٹ رہے ہیں عوام آپ پر پرچہ کاٹ رہے ہیں، اس کا نتیجہ آپ کو مل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میرا دل کہتا ہے بانی پی ٹی آئی جلد باہر نکلیں گے، شاہ محمود قریشی پونے دو سال سے جیل میں پڑے ہیں، انہوں نے ثابت کیا وہ اصلی اور نسلی ہیں، مریم نواز سے پوچھوں گا جتنی آپ کی عمر ہے اس سے زیادہ یاسمین راشد نے لاہور اور پنجاب کی خدمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ یاسمین راشد دو تین مرتبہ میاں نواز شریف کو ہرا چکی ہیں مگر جیل میں پڑی ہیں، میاں محمود الرشید جیل میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق گورنر عمر چیمہ وفا کا پیکر ہیں، سنیٹر اعجاز چوہدری 500سے زائد دن گزر چکے وہ جیل میں ہیں، ہوش کے ناخن لیںاورپاکستانیوں پر رحم کریں۔