بجلی بلوں کی ادائیگی کے طریقہ کار میں تبدیلی پر عملدرآمد شروع، صارفین کو سال میں صرف ایک بار بل اقساط میں ادا کرنے کی سہولت ملے گی

اسلام آباد(صباح نیوز)حکومت نے بجلی بلوں کی ادائیگی کے طریقہ کار میں تبدیلی پر عملدرآمد شروع کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق نئے طریقہ کار کے تحت صارفین اب سال میں ایک ہی بار بلوں پر قسط کرا سکیں گے، نیپرا نے مئی 2024 کو ڈسکوز کے سروس مینوئل میں تبدیلی کی منظوری دی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ نیپرا کی ہدایت پر ڈسکوز نے یکم اکتوبر سے عملدرآمد کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت اب صارفین کو سال میں صرف ایک بار بل اقساط میں ادا کرنے کی سہولت ملے گی، بل جمع کرانے کی مقررہ تاریخ کے بعد قسط کی درخواست مسترد کردی جائے گی اور اگر قسط مقررہ مدت میں ادا کی گئی تو لیٹ پیمنٹ سرچارج نہیں لگے گا جب کہ مقرر تاریخ تک بل جمع نہ کرانے پر 14 فیصد سرچارج عائد ہوگا۔

معلوم ہوا ہے کہ بجلی کے بل جمع کروانے کی تاریخوں میں بھی نئی پالیسی جاری کردی گئی ہے جس پر عمل بھی شروع ہوچکا ہے، نئی پالیسی کے تحت بل کی مقررہ تاریخ پر صارفین بغیر جرمانے کے بل جمع کروائیں گے، تاہم آخری تاریخ گرزنے کے بعد مقرر کردہ دوسری تاریخ پر جرمانہ لگے گا اور اگر اس کے بعد کی کسی تاریخ پر بل جمع کروایا جائے گا جرمانہ ڈبل ہوجائے گا۔ادھر قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران ایم این اے شائستہ خان نے تحریری جواب کے بعد اپنے ضمنی سوال میں کہا کہ کوشش کی جائے یا پالیسی بنائی جائے مہینے کے پہلے 10 دنوں میں بل آجائے ، تنخواہ دار طبقہ ،غریب لوگ مہینے کے آغاز میں بل ادا کرسکتے ہیں  ،

اس کے جواب میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ معزز رکن اسمبلی کی یہ تجویز اچھی ہے کہ بجلی کے بل مہینے کی پہلی تاریخوں میں آجائیں تا کہ تنخواہ دار طبقہ باآسانی بل ادا کرسکیں، اس پر وزیر توانائی خود بتائیں ، تاہم وزیر توانائی کی عدم موجودگی میں وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے ایوان کو بتایا کہ معزز رکن اسمبلی کی یہ تجویز متعلقہ وزیر تک پہنچا دوں گا۔