وزیراعظم شہباز شریف کی ویتنام کے وزیراعظم سے ملاقات

ریاض(صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں 8ویں فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو کانفرنس کے موقع پر ویتنام کے وزیراعظم فام من چن سے ملاقات کی۔ بدھ کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماوں نے پاکستان ویتنام دوطرفہ تعلقات بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری کو مضبوط بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور ویتنام کے مابین تعلقات کے فروغ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے کی بے پناہ استعداد موجود ہے۔

وزیرِاعظم نے اس مقصد کیلئے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور کاروباری وفود کے تبادلے کی تجویز پیش کی۔ دونوں رہنماوں نے عوامی روابط کو مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے درمیان سیاحت کو فروغ دینے کے لئے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ وزیرِاعظم شہباز شریف نے آسیان تنظیم میں پاکستان کے مکمل ڈائیلاگ پارٹنر بننے کی کوششوں کے حوالے سے ویتنام سے تعاون کی درخواست کی۔وزیراعظم شہباز شریف نے ویتنام کے وزیراعظم کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔ ملاقات میں وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف، وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، وزیرِ نجکاری عبدالعلیم خان، وزیرِ پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک، وزیرِ تجارت جام کمال خان اور وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔