وزیر اعظم سعودی عرب سے دو روزہ دورے پر قطر پہنچ گئے

دوحہ (صباح نیوز)وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سعودی عرب کا دو روزہ سرکاری دورہ مکمل کر کے ریاض سے دوحہ قطر پہنچ گئے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف امیر قطر کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر قطر پہنچ گئے، دوحہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر قطر کے وزیر مملکت برائے ثالثی محمد بن عبدالعزیز الخلیفی ، قطر میں تعینات پاکستانی سفیر اور دیگر سفارتی عملے نے وزیراعظم کا استقبال کیا،اپنے دورے کے دوران وزیراعظم امیر قطر شیخ تمیم بن حماد الثانی سے ملاقات کریں گے ،وزیراعظم سے قطر انوسٹمینٹ اتھارٹی اور قطر بزنس مین ایسوسی ایشن کے وفود بھی ملاقات کریں گے،

مزید برآں وزیراعظم قطر میوزیم میں “منظر آرٹ ایگزی بیشن ؛ 1940 سے اب تک پاکستان میں آرٹ اور آرکیٹیکچر” کا افتتاح کریں گے ،وفاقی وزرا خواجہ آصف ،جام کمال خان ، محمد اورنگزیب اور عطا اللہ تارڑ بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔سعودی عرب کے دورے میںوزیراعظم نے ریاض میں آٹھویں فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو (FII) میں شرکت کی،انہوں نے فورم میں پاکستان کی سرمایہ کاری کی استعداد اور حکومت کی جانب سے معاشی اصلاحات اور کاروبار و سرمایہ کاری کی سہولت کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کو اجاگر کیا۔محمد شہباز شریف نے اعلی سعودی قیادت بالخصوص ولی عہد سعودی عرب محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے بھی دو طرفہ ملاقات ہوئی، ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کے مزید فروغ پر گفتگو کی۔