لاہور(صباح نیوز)سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ غلط خبریں چلائی جارہی ہیں ،پیپلز پارٹی جوائن نہیں کی ۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں اسد عمر نے بشریٰ بی بی کی ڈیل پر رہائی سے متعلق بھی لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اس کا نہیں پتہ ، اس حوالے سے بشریٰ بی بی سے پوچھیں لیکن پی ٹی آئی والے تو یہی کہہ رہے ہیں کہ کسی ڈیل کا حصہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرے بارے میں غلط خبریں چلائی جا رہی ہیں ، گذشتہ رات سے سوشل میڈیا پر چل رہا ہے کہ میری آ صف زرداری سے کوئی ملاقات ہوئی ہے اور میں پیپلز پارٹی جوائن کررہا ہوں، یہ کدھر سے بیٹھ کر خبریں بناتے ہیں، میں لاہور میں بیٹھا ہوں اور یہ کہتے ہیں کہ آصف علی زرداری سے ملاقات ہو گئی اور پیپلز پارٹی جوائن کرنے جا رہے ہیں۔سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ مستقبل میں کسی اور پارٹی میں جانے کا کوئی امکان نہیں ، میں نے تو سیاست ہی چھوڑی ہوئی ہے، اگر سیاست ہی کرنی ہوتی تو پی ٹی آئی میں کرتے۔ان کہ فواد چوہدری بڑے سیاستدان ہیں، میری ان سے پچھلے دنوں ملاقات ہوئی تھی تو میں نے ان سے کہا تھا فائرنگ تھوڑی کم کرو، وہ گولہ باری زیادہ کررہا ہے،انہیں یہی کہوں گا کہ وہ ہاتھ ہلکا رکھیں ۔