اسلام آباد(صباح نیوز) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ حکومت متحدہ محاذ چھوٹا گلہ کے مطالبات پر فی الفور عمل درآمد کرے 60گھنٹے سے شدید سردی میں دھرنا مظاہرین کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں حکومت پونچھ یونیورسٹی کے چھوٹا گلہ کیمپس کی تعمیر جو 13سال سے التوا کا شکار ہے
سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دھرنا مظاہرین کے مطالبات پر فی الفور عمل درآمد کو یقینی بنائے ،سعودی حکومت کی جانب سے آزاد حکومت کو فنڈز فراہم کیے گئے تھے جو انتظامیہ کی نا اہلی کے باعث ابھی تک تعمیر نہ ہوسکی ،چھوٹا گلہ کیمپس کے طلبہ دکانوں میں تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں ،قومیں تعلیم سے کامیابی کی منازل طے کرتی ہیں ان کے مطالبات فوری پورے کیے جائیں،
ان خیالات کااظہار انہوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ دھرنا مظاہرین 60گھنٹے سے بھوک ہڑتا ل کیے ہوئے ہیں لیکن حکومت کے کان پر جوں تک نہ رینگی حکومت فی الفور دھرنا مظاہرین کے مطالبات کو تسلیم کرے ورنہ حالات کی خرابی کی ذمہ داری حکومت پر ہو گی.
انہوں نے کہاکہ قوم کے نونہالوں کے مستقبل کے ساتھ کسی کو کھلواڑ کی اجازت نہیں دیں گے حکومت تاخیری حربے استعمال کرنے کی بجائے یونیورسٹی کیمپس کی تعمیر فی الفور شروع کرے ۔