اسلام آباد (صباح نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے پنجگور میں مسلح افراد کی فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گرد حملے میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔منگل کو ایوانِ صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے واقعہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ دہشت گرد ملکی ترقی اور صوبے کی خوشحالی کے دشمن ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گرد بلوچستان کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتے۔
انہوں نے حملے میں زخمی افراد کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ صدر مملکت نے جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی ضلع پنجگور کے علاقے پروم میں ڈیم پر کام کرنے والے اہلکاروں ہر حملے کی شدید الفاظ میں مزمت کی ہے ،وزیرِ اعظم کی حملے میں جاں بحق ہونے والے 5 افراد کی بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے ،وزیرِ اعظم کی حملے میں زخمی ہونے والے دو افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ،
وزیرِاعظم نے حملے میں ملوث افراد کی نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی بھی ہدایت کی ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ ڈیم پر کام کرنے والے اہلکاروں پر حملہ کرنے والے پاکستان اور بلوچستان کی ترقی کے دشمن ہیں ،ایسے شر پسند عناصر کی پاکستان میں کوئی جگہ نہیں ،شرپسند عناصر اپنی بزدلانہ کارروائیوں سے حکومت کے بلوچستان کی ترقی کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔