لاہور (صباح نیوز)وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کے ویژن کے مطابق عوام کو مہنگا ئی سے نجات دلانے کے وعدے کی تکمیل کی طرف اہم پیشرفت کرتے ہوئے صوبے میں پرائس کنٹرول یقینی بنا نے کے لئے نیا ادارہ قائم کر دیا گیاـ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں پرائس کنٹرول یقینی بنانے کے میکنزم اوردیگر امور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے چھ ماہ میں سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کو مکمل فعال کرنے کی ہدایت کی اورعالمی معیار کے مطابق نئے پرائس کنٹرول میکنزم کی منظوری دے دیـ اجلاس میں گندم اور دیگر اجناس کی پیداوار، دستیابی اور دیگر امور کے تحت نرخ مقرر کرنے کی تجاویز پر غورکیا گیاـ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے اجلاس میں امپورٹڈ پام آئل پر انحصار کم کرنے کے لئے سن فلاور، سویابین اور کینولا کی کاشت بڑھانے کیلئے ضروری اقدامات کا حکم دیا اور ہر شہر میں ٹماٹر، پیاز اور دیگر ضروریات پوری کرنے کے لئے مقامی کاشت بڑھانے پر زور دیا گیاـ مارکیٹ کے نرخ میں استحکام کے لئے فور کاسٹ بلیٹن جاری کرنے اورایس ایم یو کے تحت پرائس کنٹرول کیلئے آرٹیفیشل انٹیلی جنس استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیاـاجلاس میںپنجاب میںایگری مانیٹرنگ فنڈ کے قیام کا بھی اصولی فیصلہ اور کاشتکاروں کو براہ راست خریدار سے منسلک کرنے کے لئے اقدامات پر غور کیا گیاـ
منڈیوں میں کاروبار کرنے والوں کو رجسٹر کرنے کی تجویز کا جائزہ لیاگیاـ PAMRA کے بورڈ اور مارکیٹ کمیٹی چیئرمین کی نامزدگی جلد کرنے کی ہدایت کی گئیـوزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو اجلاس میں پرائس کنٹرول میکنزم پر تفصیلی بریفنگ دی گئیـ بریفنگ کے دوران بتایا گیاکہ گھی اور خوردنی تیل کے نرخ میں اضافے کا سبب عالمی مارکیٹ میں پام آئل کے نرخ میں اضافہ ہے۔ جدید ٹیکنالوجی سے گندم اور دیگر اجناس کی فصل کی پیداوار کا پیشگی تعین کیا جائیگا۔ گندم خریداری نہ ہونے سے ملکی معیشت اور عوام کیلئے مثبت اثرات سامنے آئے۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اجلاس میں ہدایت کی کہ گندم اور آٹا کے نرخ کے اتار چڑھاؤ اور مارکیٹ ڈائنامکس پر کڑی نظر رکھی جائے۔ ایس ایم یو میں قابلیت کے مطابق صرف اور صرف میرٹ پر افسر تعینات کئے جائیں ۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے مز ید کہا کہ عام آدمی کے ساتھ ساتھ کاشتکاروں اور تاجروں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ کاشتکار اور عوام کے مفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے فیصلے کئے جائیں گے۔ سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات وثقافت عظمیٰ زاہد بخاری، چیئرمین ٹاسک فورس سلمی بٹ، ایم پی اے ثانیہ عاشق جبیں، چیف سیکرٹری،پرنسپل سیکرٹری، سیکرٹریز اور دیگر حکام نے شرکت کی