وفاقی وزیر پرو فیسر احسن اقبال کی زیر صدار ت نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر منصوبہ بندی،ترقی ،اصلاحات وخصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود ٹرانسپورٹ سروسز کی قیمتوں میں کوئی کمی نہیں آئی، درآمدی اشیا کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود پاکستان نے مہنگائی کی شرح میں کمی کو یقینی بنایا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں وزیر پٹرولیم مصدق ملک سمیت وزارت کے اعلی حکام بھی موجود تھے.

ادارہ شماریات کی جانب سے مختلف خوردنی اشیا اور اوپن مارکیٹ کی قیمتوں میں نمایاں فرق کی نشاندہی 70شہروں کی 50مارکیٹوں سے قیمتوں کی رپورٹ کا جائزہ پیش کیا گیا۔پاکستان بیورو آف سٹیٹسٹکس (پی بی ایس) کے نمائندوں نے ملک میں مہنگائی کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی ۔ پی بی ایس نے مختلف اشیائے خوردونوش اور اوپن مارکیٹ میں قیمتوں میں نمایاں کمی کو بھی اجاگر کیا۔ وزیر برائے پلاننگ کمیشن نے مہنگائی کی شرح کو کم کرنے کے لئے مختلف سرکاری اداروں کی کوششوں کی تعریف کی جو کہ رواں مالی سال کے دوران مسلسل گر رہی ہے اور ستمبر 2024 میں 44 ماہ کی کم ترین سطح 6.9 فیصد رہی جو کہ ستمبر 2023میں 31.4 فیصد تھی۔ غذائی مہنگائی میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے جس سے شہری اشیائے خوردونوش کی مہنگائی میں 33.9 فیصد سے 1.7 فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے جبکہ دیہی اشیائے خوردونوش کی افراط زر منفی (0.9 فیصد) ہو گئی جو کہ گزشتہ سال کے اسی مہینے میں 35.4 فیصد تھی۔ آٹا اور پٹرول کی قیمتوں میں گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 37.1 فیصد اور 20 فیصد نمایاں کمی واقع ہوئی۔پی بی ایس نے ہر صوبے اور قومی سطح پر کچھ ضروری اشیا کی ہول سیل اور ریٹیل قیمتوں میں بڑے فرق کو اجاگر کیا۔ یہ بھی دیکھا گیا کہ پی او ایل کی قیمتوں میں کمی کو نقل و حمل کی خدمات میں مثر طریقے سے نہیں دیکھا گیا ہے۔

وزیر منصوبہ بندی نے ہدایت کی کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود ٹرانسپورٹ سروس کے نرخوں میں کوئی کمی نہیں ہوئی جو کہ تشویشناک ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ وہ ٹرانسپورٹ، ہول سیل اور ریٹیل قیمتوں میں کمی کے لئے فوری اقدامات کریں۔ احسن اقبال نے کہا کہ حکومت عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، اس سلسلے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔وزیر منصوبہ بندی نے اجلاس میں کہا کہ گزشتہ ماہ کی نسبت رواں ماہ مہنگائی میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کافی کمی ہوئی ہے جس سے عام آدمی کو ریلیف ملا ہے۔ احسن اقبال اور وزیر پٹرولیم مصدق ملک نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے صوبائی حکومتوں اور آئی سی ٹی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ قیمتوں پر قابو پانے کے طریقہ کار پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں خاص طور پر ہول سیل اور ریٹیل قیمت کے فرق کو کم کرنے اور ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کی صورت میں دیکھنے کو ملے ۔۔