پی ٹی آئی، بی ایل اے اور ٹی ٹی پی پاکستان پر حملہ آور ہیں، خواجہ آصف

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے پہلے سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کرایا اور پھر ہری پور کے راستے پشاور پہنچے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا کے وسائل استعمال کرکے اسلام آباد پر حملہ کیا گیا، پاکستان جب بھی ٹیک آف کرنے لگتا ہے تو ایسی صورتحال شروع ہوجاتی ہے۔

خواجہ آصف نے کہاکہ 2014 میں چینی صدر نے آنا تھا تو یہی صورت حال تھی، اور اب شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس سے قبل احتجاج کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی نے بھارتی وزیر خارجہ کو اپنے احتجاج میں شرکت کی دعوت دی، سیاق و سباق میں بھی بھارتی وزیر خارجہ کے حوالے سے بات نہیں ہونی چاہیے تھی کیونکہ وہ ہمارا ازلی دشمن ہے۔وزیر دفاع نے کہاکہ ایک طرف پی ٹی آئی کا احتجاج اور دوسری طرف چینیوں پر حملہ ہوا، پی ٹی آئی، بی ایل اے اور ٹی ٹی پی پاکستان پر حملہ آور ہیں۔انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف فلسطین کے ساتھ نہیں، دوسری طرف کھڑی ہے، اگر ایسا نہیں تو یہ فلسطین کے معاملے پر بلائی گئی اے پی سی میں کیوں شریک نہ ہوئے۔

خواجہ آصف نے کہاکہ پی ٹی آئی افغان شہریوں کو پیسے دے کر اسلام آباد لائی، ہم نے افغان جنگ میں شریک ہوکر بہت بڑی غلطی کی۔انہوں نے کہاکہ عدلیہ کے حوالے سے آئینی ترمیم ہوگی، ہم چاہتے ہیں ججز کی تعیناتی کا اختیار پارلیمنٹ کے پاس ہو۔وزیر دفاع نے کہاکہ تجویز ہے کہ عدلیہ میں تقرریوں کے لیے پارلیمان اور عدلیہ کی کمیٹی ضم کردی جائے اور اکثریتی اراکین پارلیمان سے ہوں، جسٹس منصور علی شاہ کا نوٹیفکیشن آجائے گا اس میں کوئی مسئلہ نہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ عمران خان اگر بات نہیں کرنا چاہتے تو ہمیں بھی کوئی شوق نہیں، ان کا ملٹری ٹرائل ہوسکتا ہے۔