اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ معاشی استحکام کے لیے کیے گئے اقدامات کے ثمرات ملنا شروع ہوگئے ہیں۔آنے والے دنوں میں شرح سود اور مہنگائی میں مزید کمی آئیگی،کاروبار بند ہونے سے معیشت کو ناقابل تلافی نقصان ہوتا ہے، ملک ایک دن بند ہونے سے 190 ارب روپے کا نقصان ہوتا ہے، وفاقی وزیر خزانہ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی اقدمات سے مہنگائی میں بھی کمی آگئی ہے، پالیسی ریٹ میں کمی آئی ہے اور اس میں مزیدکمی ہوگی۔
محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ اسٹیٹ بینک نے 2025 تک 5 یا 6 فیصد مہنگائی کی شرح میں کمی کا تخمینہ لگایا تھا لیکن اب مہنگائی کی شرح 6.9 فیصد پر آگئی ہے۔وفاقی وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ آنے والے دنوں میں مہنگائی مزید کم ہوگی، جب اسٹیٹ بینک اور مانیٹری پالیسی کے کمیٹی کے اجلاس ہوں گے تو پالیسی ریٹ بتدریج نیچے آئے گا۔محمد اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ پچھلے دو تین ہفتوں میں حکومت نے درآمدات میں کمی کی ہے تاکہ ریٹس میں کمی ہوسکے، اس سے شرح سود میں کمی آئی ہے اور مزید کمی آتی جائے گی۔وفاقی وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ جب بھی ہمیں احتجاج کیلئے شہروں اور دکانوں کو بند کرنا پڑتا ہے تو اس کے سنگین نتائج مرتب ہوتے ہیں، اس میں انسانی جانوں کے نقصان پر دکھ ہوتا ہے۔محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ ان مظاہروں سے ملک کی معیشت بھی متاثر ہوتی ہے، ہمارے اکانومک ونگ کے مطابق یہ مظاہرے ہماری معیشت کا ناقابل یقین حد تک نقصان کردیتے ہیں، ہم بڑی محنت کرکے ملک میں معاشی استحکام لے کر آئے ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ کہا جاتا ہے کہ ہم یہ احتجاج عوام اور ملک کیلئے کررہے ہیں، تو آپ لوگوں کو یہ سوچنا پڑے گا کہ یہ ہماری معیشت کا کیا نقصان کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک دن کی ہڑتال سے ملکی معیشت کو ہونے والے نقصان کا مکمل تخمینہ لگایا ہے، اسلام آباد میں گزشتہ تین سے چار روز میں 8 لاکھ لوگ متاثر ہوئے ہیں جس کا مطلب ہے کہ اس قسم کی ہڑتال سے 8 ہزار فیملیز متاثر ہوئی ہیں، کاروبار بند ہونے سے معیشت کو ناقابل تلافی نقصان ہوتا ہے۔ ملک ایک دن بند ہونے سے 190 ارب روپے کا نقصان ہوتا ہے۔ ہڑتالوں کے ملکی معیشت پر گہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جو لوگ ہڑتال کی کال دیتے ہیں ان کو بھی سوچنا چاہیے، اور بات چیت سے مسئلے کا حل نکالنا چاہیے۔محمد اورنگزیب نے کہاکہ دہشتگردی کی وجہ سے بھی معیشت کو نقصان پہنچتا ہے، دو روز قبل کراچی میں چینی شہریوں کو نشانہ بنایا گیا جو قابل مذمت ہے۔وزیر خزانہ نے کہاکہ ہمیں کوئی ایسا قدم نہیں اٹھانا چاہیے جس سے معیشت کو نقصان پہنچے۔۔