فلسطین کے مظلوم عوام کی حالت زار پر دنیا کی خاموشی بڑا المیہ ہے،مریم نواز


لاہور(صباح نیوز)وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ فلسطین کے مظلوم عوام کی حالت زار پر دنیا کی خاموشی المیہ ہے۔

مریم نواز نے یومِ اظہارِ یکجہتی فلسطین پر اپنے پیغام میں کہا کہ فلسطین کا مسئلہ صرف فلسطینیوں کا نہیں پوری دنیا کا ہے، فلسطین کے لوگ اپنے بنیادی حقوق اور اپنی زمین کے تحفظ کے لئے لڑ رہے ہیں، پاکستان ہمیشہ سے فلسطین کے موقف کی مکمل حمایت کرتا آیا ہے اور کرتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں،  وزیرِ اعظم شہباز شریف نے مسئلہ فلسطین و کشمیر اور اس کے حل کا روڈ میپ جاندار انداز میں پیش کیا ہے، مسلم لیگ ن نے ہر فورم پر فلسطینیوں کے حقوق کے تحفظ اور اسرائیلی جارحیت کیخلاف آواز اٹھائی ہے۔ وزیرِ اعلی پنجاب نے کہا کہ جب تک مسئلہ فلسطین کا منصفانہ حل فلسطینی عوام کی امنگوں کے مطابق نہیں نکلتا دنیا میں امن کا قیام ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا اور انسانی حقوق کی تنظیمیں فلسطین کے عوام کی مدد کے لیے آگے بڑھیں اور ان کیحقوق کا تحفظ کریں۔اس کے علاوہ مریم نواز نے میانوالی میں خوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر سی ٹی ڈی کو شاباشی دیتے ہوئے کہا کہ قوم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ ہے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ عوامی تحفظ کی ضامن پاک فوج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ہمارا فخر ہیں۔