حکومت پی ٹی ایم کو غیر قانونی قرار دینے کا فیصلہ واپس لے۔مشتاق احمد خان


اسلام آباد(صباح نیوز)سابق سنیٹر مشتاق احمد خان نے پشتون تحفظ موومنٹ،(پی ٹی ایم) کو غیر قانونی قرار دے کر اس پر پابندی لگانے کی مذمت کی ہے

ایکس  پر ایک بیان میں سابق سنیٹر مشتاق احمد خان نے  حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ   پشتون تحفظ موومنٹ،(پی ٹی ایم) کو غیر قانونی قرار دینے کا فیصلہ واپس لیا جائے ۔ انہوں نے لکھا ہے کہ حکومت فوری طور پر یہ حکم واپس لے۔امن عامہ اور سیکیورٹی کے مجہول اور مبہم الفاظ کی آڑ میں یہ شہریوں کے حقوق پر  حملہ ہے۔ یہ حملہ جمہوری جدوجہد پر یقین رکھنے والوں کیلئے خطرے کی گھنٹی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں وزیر اعظم شہباز شریف سے پوچھتا ہوں جمہوریت کانام لیتے ہو،جمہوریت کی وجہ سے اقتدار کے مزے لیتے ہو اور اسٹبلشمنٹ کے اشارے پر جمہوری تنظیم پر پابندی لگاتے ہو۔پی ٹی ایم کے سیاسی بیانیہ سے اختلاف کیا جاسکتا ہے لیکن  پی ٹی ایم تشدد سے دور رہ کر پرامن انداز سے اپنی جدوجہد آگے بڑھائی ہے۔حقوق کے حصول اور مسائل کے حل کیلئے پرامن سیاسی جدوجہد  پر پابندی لگا کرحکومت معاشرے کو تشدد کیطرف لے جارہی ہے۔حکومت پی ٹی ایم پر پابندی کے بجائے خیبرپختونخوا اور قبائلی اضلاع میں بے چینی کی وجوہات ختم کرے۔