اساتذہ کے ساتھ کئے گئے اپنے وعدے کی تکمیل کیلئے پرعزم ہیں،شہباز شریف


اسلام آباد (صباح نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اساتذہ کے ساتھ کئے گئے اپنے وعدے کی تکمیل کیلئے پرعزم ہے۔

عالمی یوم اساتذہ پر پیغام دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج ہم اپنی قوم کے مستقبل کے معمار کے طور پر اساتذہ کے گراں قدر کردار کو تسلیم کرنے کے لیے عالمی یوم اساتذہ منانے میں عالمی برادری کے ساتھ شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس  دن کو ہم ان لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے پاکستان کے مستقبل کی تشکیل اور علم کو فروغ دینے کے عظیم مشن کو سر انجام دینے کا بیڑہ اٹھایا ہے، درحقیقت کسی ملک کی ترقی بنیادی طور پر اس کے افراد کی تعلیم سے جڑی ہوتی ہے اور یہ اساتذہ کی انتھک محنت ہی ہے جو نوجوان نسل میں ترقی اور خوشحالی کی تحریک اور لگن پیدا کرتی ہے۔وزیراعظم شہبازشریف  نے کہا  کہ میں پاکستان بھر کے تمام اساتذہ کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں جو اپنے غیر متزلزل عزم کے ساتھ نوجوان ذہنوں کو سنوارتے ہیں ، وہ ہمارے مستقبل کے معمار ہیں اور علم پر مبنی معیشت بننے کے ہمارے مقصد کے لیے ان کی لگن ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی کاوشوں کے بغیر ہم اپنی ان امنگوں کو پورا نہیں کر سکتے جو ہم نے بحیثیت قوم اپنے لئے متعین کر رکھی ہیں، حکومت پاکستان اساتذہ کے ساتھ کئے گئے اپنے وعدے کی تکمیل کے لئے پرعزم ہے ، ہم ایک حوصلہ افزا اور اچھی معاون تدریسی افرادی قوت کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہیں اور جدید انفراسٹرکچر اور تعلیمی وسائل میں سرمایہ کاری جاری رکھیں گے۔وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ہمارا مقصد ایک اعلی کارکردگی کا حامل تعلیمی نظام وضع کرنا ہے جو ہمارے طلبا اور اساتذہ دونوں کو تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا میں ترقی کی منازل طے کرنے کے قابل بنا سکے۔