کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی کی ممبر سازی مہم پورے صوبہ میں بھرپور طریقہ سے جاری ہے اور خواتین کی کثیر تعداد ممبر بن کر جماعت اسلامی پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کررہی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی صوبہ سندھ رخشندہ منیب نے جماعت اسلامی کی صوبہ بھر میں جاری ممبر سازی مہم کے حوالے سے کیا۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی ،بے روزگاری ،بجلی کے بلوں ، لوڈ شیڈنگ و لا قانونیت سے پریشان عوام کی آخری امید جماعت اسلامی ہے اور عوام جان گئی ہے کہ ان کے مسائل کا حل ہر طرح کے تعصب سے پاک ہوکر صرف ایک قوت بننے اور ایک جھنڈے تلے جمع ہونے میں ہے۔ 77 سالوں سے حکمرانوں، جاگیرداروں اور مقتدر طبقوں نے مل کر عوام کا استحصال کیا ہے جب کہ ان ہی حکمرانوں نے عوام پر آئی پی پیز کو مسلط کیا۔ حکمرانوں کی کرپشن کا بوجھ اب ناقابل برداشت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر طرح کی عیاشیاں حکمران طبقہ کرے اور بھاری ٹیکسوں کی شکل میں تاوان غریب ادا کرے۔ انہوں نے جماعت اسلامی میں شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ جو بھی فرد اس ظالمانہ نظام کے خلاف ہے وہ ہمارے ساتھ اس جدودجہد میں شریک ہو۔۔