عمران خان کی تقریر سے لگتا ہے ان کے گھبرانے کے دن قریب آ گئے،مریم اورنگزیب


اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کی فیصل آباد میں تقریر کو عدم اعتماد کی تحریک کی کامیابی کا اعلان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی تقریر سے لگتا ہے کہ ان کے گھبرانے اور عوام کے سکون کے دن قریب آ گئے ہیں۔

ان خیالات کااظہار مریم اورنگزیب نے بدھ کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان آپ کے گھر کی کرپشن کے اعمال نامے جلد عوام کے سامنے آنے والے ہیں ۔ عمران خان  اور ان کے ٹا ئوٹوں کی چوریاں اور لوٹ مار سامنے آچکی ہے، اب ان مقدمات کی سماعت ہوگی ۔

وفاق اور پنجاب میں عمران خان نے بھتہ خوری کا جو بازار گرم کیا ہوا ہے، اب اس کا حساب دینا ہوگا۔۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ طاقتور کو قانون کے نیچے لانے کیلئے آپ جیسے ڈاکو اور مافیاز کی سرپرست کو سزا ملنے کا وقت آگیا ہے۔

ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے آپ کی کرپشن کا اعمال نامہ جاری کردیا ہے، اسے پڑھیں اور شرم کریں ۔عمران صاحب کی تقریر دراصل نوکری کی ایکسٹینشن کے لئے ترلے اور منتیں تھیں۔