این اے کمیٹی تخفیف غربت نے امدادی پروگرام میں بہتری کے لئے چاررکنی زیلی کمیٹی قائم کردی

اسلام آباد (صباح نیوز)قومی اسمبلی کی کمیٹی برائے تخفیف غربت،سماجی تحفظ نے امدادی پروگرام میں بہتری کے لئے چاررکنی زیلی کمیٹی قائم کردی،مختص مالی وسائل کے استعمال کے معاملات پر  تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔کمیٹی  کااجلاس ہیڈکوارٹربینظیر انکم سپورٹ پروگرام اسلام آباد  میں منعقد ہوا۔ صدارت غلام علی تالپور نے کی۔ سماجی تحفظ کے فریم ورک کا جائزہ اور اسے مزید مستحکم کرنے کے لیے اہم ایجنڈا آئٹمز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزارت تخفیف غربت و سماجی تحفظ اور امدادی پروگرام کی جانب سے مالی سال 2024-25 کے لیے بجٹ کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ مختص وسائل کے استعمال کے معاملے پر  تشویش کا اظہار کیا گیا۔

کمیٹی نے ہدایت کی کہ وزارت کو ایک واضح اور شفاف لائحہ عمل پیش کرنا چاہیے، تاکہ تمام اخراجات پروگرام کے مقاصد کے مطابق ہوں اور بغیر بجٹ اخراجات جیسے مسائل کو مناسب منصوبہ بندی اور نگرانی کے ذریعے حل کیا جائے۔کمیٹی نے پاکستان بیت المال کے  فنڈ کے استعمال کی رپورٹ کا جائزہ بھی  لیا اور وزارت کو ہدایت کی کہ درخواست گزاروں کو مشکلات سے بچانے کے لیے کیسز کو جلد از جلد نمٹایا جائے۔  ضلع وار پارٹنر تنظیموں کی فہرست اور اب تک کی گئی کارروائی کی تفصیلات فراہم کی گئیں۔کمیٹی نے بی آئی ایس پی کے مستفیدین کو نئے بینکنگ معاہدوں اور اس سے منسلک پوائنٹ آف سیل (POS) ڈیوائسز کے باعث درپیش مسائل کا جائزہ لیا۔ بحث کے دوران انکشاف ہوا کہ اس منتقلی کے دوران متعدد شکایات موصول ہوئیں جن میں ڈیوائسز کی خرابی اور ادائیگی میں تاخیر شامل ہیں۔ کمیٹی نے سفارش کی کہ آئندہ  کسی بھی نئے ماڈل کے نفاذ سے قبل جامع پائلٹ ٹیسٹنگ کرے اور عملے کو مکمل تربیت فراہم کرے تاکہ اس قسم کے مسائل کو کم کیا جا سکے۔

مزید برآں، کمیٹی نے یہ بھی کہا کہ مستفیدین کو ایسے مراحل کے دوران آگاہ رکھنے کے لیے بہتر مواصلاتی حکمت عملی اختیار کی جائے۔ ذیلی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹریشن / اندراج کے مسائل؛ اور بینظیر کفالت پروگرام کے تحت سہ ماہی ادائیگیوں کے دوران مستفیدین کو درپیش مشکلات پررپورٹ تیارکرے گی۔ ذیلی کمیٹی کی سربراہی کنوینر  شازیہ مری، ایم این اے کر رہی ہیں،  تین دیگر اراکین میںاحمد عتیق انور، محمد بشیر خان، ایم این اے اور اویس حیدر جکھڑشامل ہیں۔کمیٹی کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کے مشروط نقد منتقلی (CCT) پروگرامز کی حیثیت اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی گئی، جن میں تعلیمی وظائف شامل ہیں، جو غذائیت کی کمی کو کم کرنے اور تعلیمی نتائج کو بہتر بنانے کے لیے بنائے گئے ہیں۔#/S