کراچی (صباح نیوز) امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر حکومت کی جانب سے راولپنڈی معاہدے کوپورا نہ کرنے ، مہنگی بجلی وآئی پی پیز کے عوام دشمن معاہدوں و ظالمانہ ٹیکسوں اور کے الیکٹرک کی اجارہ داری و لوٹ مار کے خلاف اتوار کو کراچی میں 13اہم شاہراؤں پر احتجاجی دھرنے دیے گئے اور اسرائیل کی دہشت گردی کے نتیجے میں شہید ہونے والے حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی گئی ۔نیشنل ہائی وے ملیر کالابورڈ پر دیے گئے دھرنے میں غائبانہ نماز جنازہ کی امامت امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کی ۔
دھرنے کالا پل ،کورنگی کراسنگ ،مین سپر ہائی وے ،پاور ہاؤس چورنگی ،اورنگی ٹاؤن پانچ نمبر چورنگی ،بنارس چوک،واٹر پمپ چورنگی شاہراہ پاکستان ،مین حب ریور روڈ ،فریسکو چوک برنس روڈ ،ڈالمن مال نزد حیدری مارکیٹ ،جوہر موڑ،راشد منہاس روڈپردیے گئے ۔دھرنے کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا کر احتجاج کیا اور جماعت اسلامی کی حق دو عوام تحریک کے مطالبات کے حق میں نعرے لگائے ۔مظاہرین نے اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی کے خلاف بھی زبردسست نعرے لگائے ۔
منعم ظفر خان نے ملیر کالابورڈ مین نیشنل ہائی وے پر دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی کے حوالے سے پوری امت کے عوام کی رائے حکمرانوں سے مختلف ہے، عوام اسرائیل کے خلاف ہیں اور بدقسمتی سے کرپٹ و نااہل حکمران اپنے ہی عوام کو فتح کرنے میں لگے ہوئے ہیں، حکومت نے راولپنڈی معاہدے کی خلاف ورزی کی اور اب معاہدے سے بھاگ رہی ہے۔ جماعت اسلامی حکومت کو معاہدے سے بھاگنے نہیں دے گی، راولپنڈی میں 14 روزہ دھرنے کے بعد ہم ایک دن کے لیے بھی بیٹھے نہیں ہیں،ہماری جدوجہد جاری ہے۔جماعت اسلامی کی حق دو کراچی تحریک وسیع ہوکر اب پورے ملک میں حق دو عوام تحریک بن گئی ہے،ہم حکومت سے عوام کا حق چھین کر لیں گے، حکمرانوں کو عوام کو ریلیف دینا ہوگا۔
منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ کراچی میں کے الیکٹرک اور پورے ملک میں آئی پی پیز کے عوام دشمن معاہدوں، کے الیکٹرک اور آئی پی پیز کی حکومتی سرپرستی اور ظالمانہ ٹیکس سسٹم نے عوام کی زندگی اجیرن بناکر رکھ دی ہے۔ شدید گرمی میں کے الیکٹرک 12 ،12 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کرتی ہے، رات میں بھی بجلی بند کی جاتی ہے اس کے باوجود ہزاروں روپے کے بجلی کے بل بھیج دیے جاتے ہیں، کے الیکٹرک کی لوٹ مار، لوڈ شیڈنگ اور اوور بلنگ کے خلاف واحد جماعت اسلامی ہے جس نے ہمیشہ آواز اٹھائی ہے ۔آج بھی سندھ اسمبلی میں جماعت اسلامی کا واحد رکن اسمبلی محمد فاروق کراچی کے عوام کا مقدمہ لڑررہا ہے۔ سندھ حکومت اربوں روپے کی نئی گاڑیاں خریدنے کے لیے تیار ہے لیکن عوام کو حق نہیں دیتی اور شہریوں کے بنیادی مسائل حل نہیں کرتی۔
انہوں نے مزیدکہاکہ کراچی پورے ملک کی معیشت چلارہا ہے اور سندھ کا 98فیصد بجٹ فراہم کرتا ہے لیکن شہر کے ساڑھے تین کروڑ عوام بے شمار مسائل کا شکار ہیں ،پیپلزپارٹی کی 16سالہ بدترین حکمرانی ، نااہلی اور کرپشن نے کراچی کو تباہ وبرباد کردیا ہے ، عوام کو پینے کا پانی میسر نہیں ،ٹینکر مافیا کاراج ہے ،گھروں کے نلکوں میں پانی نہیں آتا ہائیڈرینٹ کو مل جاتا ہے اور شہری مہنگے داموں ٹینکر سے پانی خریدنے پر مجبور ہیں ۔منعم ظفر خان نے کہاکہ جماعت اسلامی 6اکتوبر کو شاہراہ فیصل پر عظیم الشان اور تاریخی ”الاقصیٰ ملین مارچ ”کرے گی اور7اکتوبر کو 12بجے دن پورے ملک کے عوام سڑکوں پر نکل کر اسرائیل کے خلاف احتجاج کریں گے ۔حکومت پاکستان بھی 7اکتوبر کو سرکاری سطح پر اسرائیل کے خلاف احتجاج کا اعلان کرے۔
انہوں نے مزیدکہاکہ اسرائیل کی دہشت گردی اور جارحیت مسلسل بڑھتی جارہی ہے ، 7اکتوبر کو اسرائیل کی جانب سے غزہ پر حالیہ جارحیت اور دہشت گردی کو ایک سال مکمل ہوجائے گا ۔ اسرائیل کو صرف امریکہ کی پشت پناہی ہی حاصل نہیں بلکہ عالم اسلام کے حکمرانوں کی بزدلی اور بے حمیتی نے بھی اسرائیل کو طاقت فراہم کی ہے ۔ غزہ کے بعد اسرائیل نے لبنان کے شہر بیروت پرحملہ کر کے حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کو شہید کردیا گیا اگر اب بھی عالم اسلام کے حکمرانوں نے اسرائیل کی دہشت گردی وجارحیت کو نہ روکاتو کل کوئی ملک بھی نشانہ بن سکتا ہے ۔حماس کے مجاہدین اور اہل غزہ زبردست خراج تحسین کے مستحق ہیں اور جو اسرائیل کی تمام تر فوجی طاقت کے خلاف ڈٹے ہوئے ہیں اور مسلسل اپنی مزاحمت اور جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں ۔
دھرنے سے جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق ،ضلع ایئرپورٹ کے امیر اشرف چوہدری ،نائب امیر ضلع و دیگر نے بھی خطاب کیا۔علاوہ ازیںدیگر 12مقامات پر دیے جانے والے دھرنوں سے نائب امیر جماعت اسلامی کراچی سیف الدین ایڈوکیٹ ،سکریٹری کراچی توفیق الدین صدیقی ،نائب امیر کراچی مسلم پرویز، امیرضلع جنوبی سید عبد الرشید، امیر ضلع کیماڑی فضل احد، امیر ضلع غربی مدثر حسین انصاری، امیر ضلع غربی سائٹ عبد الرزاق خان، امیر ضلع شمالی محمد یوسف ، امیر ضلع وسطی سید وجیہ حسن، امیر ضلع گلبرگ وسطی فاروق نعمت اللہ ، امیر ضلع گڈاپ معمار عرفان احمد ،امیر ضلع ملیر محمد اسلام ، امیر ضلع لانڈھی عبد الجمیل ، سکریٹری ضلع شرقی ڈاکٹر فواد ودیگر ذمہ داران نے بھی خطاب کیا ۔#