حافظ نعیم الرحمان کی اپیل پر کراچی تا کشمور سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرے اور اہم شاہراہوں پر دھرنے


کراچی(صباح نیوز) حکومت کی جانب سے بجلی کے حوالے سے معاہدہ پر وعدہ خلافی کیخلاف امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی اپیل پر ملک گیر احتجاج کے سلسلے میں آج اتوار کو کراچی تا کشمور سندھ بھر کے ضلعی ہیڈ کوارٹر میں احتجاجی مظاہرے اور اہم شاہراہوں پر دھرنے دیے گئے ۔ جن سے صوبائی ، ضلعی ، مقامی رہنماوں نے خطاب کیا ۔ اس موقع پر لبنان میں اسرائیلی بمباری سے شہید ہونے والے عالمی رہنما حسن نصراللہ کی غائبانہ نماز جنازہ بھی اد ا کی گئی ۔

کراچی ، حیدرآباد، میرپورخاص ، سکھر ، جیکب آباد، کشمور ،مٹھی ، شہدادکوٹ ، بدین ،شکارپور ، ٹھٹھہ ،لاڑکانہ ،قمبر،دادو،ٹنڈودم ، جامشورو ، ٹنڈوالہیار سمیت مختلف شہروں میں منعقدہ دھرنوں مظاہروں میں شریک عوام نے حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی اور مطالبہ کیا کہ بجلی ،گیس کی قیمتوں کو کم ،ظالمانہ ٹیکس ختم کرکے عوام کو رلیف دیا جائے تاکہ عوام کوئی سکھ کا سانس لے سکیں ۔

امیر جماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے تھرپارکر کے ضلعی ہیڈکوارٹر کشمیر چوک مٹھی میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج فلسطین ،کشمیر اور لبنان سمیت پوری دنیا میں مسلمانوں کا خون پانی کی طرح بہایہ جا رہا ہے۔ غزہ کو مٹی کا ڈھیر بنا نے کے بعد لبنان پر حملہ اور خالص سول آبادی کو نشانہ بنا کر عالمی رہنما حسن نصراللہ سمیت سینکڑوں بچوں ، خواتین کو شہید کیا گیا ۔امریکہ سمیت طاقت ور قوتیں اسرائیل کی درندگی کو روکنے اور مظلوموں کی ہمدردی کے بجائے صہیوں وقابض ریاست اسرائیل کا ساتھ دے رہے ہیں جس سے ان کادوہرا معیار کھل کر دنیا کے سامنے آگیا ہے۔ اقوام متحدہ اجلاس کے دوران لبنان وغزہ پر حملوں سے ثابت ہوگیا کہ اقوام متحدہ عملا ایک ناکارہ ادارہ ہے۔ مسلم ممالک کے حکمرانوں کی بے حسی بھی شرمناک وقابل مذمت ہے۔

صوبائی امیر کا مزید کہنا تھا حکومت نے مسلسل بجلی قیمتوں میں اضافہ وظالمانہ ٹیکسوں کے ذریعے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے ۔ حکومت آئی پی پیز سے ملکر عوام کا خون چوس رہی ہے جس کے خلاف حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں جماعت اسلامی سڑکوں پر ہے حکومت نے روش تبدیل اور عوام کو رلیف نہ دیا تو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ اور بل نہ ادا کرنے پر غور کیا جائے گا ۔

اس موقع پر ضلعی امیر میر محمد بلیدی نے بھی خطاب کیا ۔لاڑکانہ میں باغ جناح پریس کلب پر دھرنے سے صوبائی جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے معاہدہ کی خلاف ورزی کر کے خود عوام کے غیض وغضب کو دعوت دی ہے جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے پہلے ہی واضح کر دیا تھا کہ اگر معاہد پر عمل نہیں ہوا تو ہم دوبارہ سڑکوں پر ہوںگے جماعت اسلامی واحد پارٹی ہے جو عوام کے مسئلے کے لیے عملی طور پر میدان میں ہے ۔ٹھٹھہ پریس کلب نیشنل ہائے وے پر دھرنے سے صوبائی نائب امیر حافظ نصراللہ نے کہا کہ موجودہ مہنگائی کے طوفان نے عوام کو دنمیں  تارے دکھا دیے ہیں  اسلیے عوام کو اپنے حقوق اور ظالم قو٣توں سے نجات کیلئے جماعت اسلامی کے تحریک حق دو عوام کو بدلو اس نظام کو کا ساتھ دینا چاہئے اور ملکر جدوجہد کرنی چاہئے ۔ اس موقع پر امیر ضلع الطاف احمد ملاح مولانا سمیع ہالیپوٹو ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔