حسن نصراللہ کی شہادت، حزب اللہ کے سینیئر رہنما نعیم قاسم عبوری سربراہ مقرر

بیروت (صباح نیوز)لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے سینیئر رہنما نعیم قاسم کو عبوری سربراہ مقرر کردیا۔عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق نعیم قاسم نئے سربراہ کے انتخاب تک حزب اللہ کے معاملات سنبھال لیں گے۔رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ہاشم صفی الدین کو حزب اللہ کا سربراہ منتخب کیے جانے کا قوی امکان ہے، ہاشم صفی الدین حسن نصراللہ شہید کے خالہ زاد بھائی اورداماد ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نعیم قاسم حزب اللہ شوری کمیٹی کے مسلسل 3مرتبہ رکن رہ چکے ہیں۔خیال رہے کہ حزب اللہ سربراہ حسن نصر اللہ اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے اور حزب اللہ نے ان کی شہادت کی تصدیق کی۔حزب اللہ کا کہنا تھاکہ اسرائیل کے خلاف جنگ جاری رہے گی، غزہ اور فلسطین کی حمایت،

لبنان کے دفاع کیلئے اپنا جہاد جاری رکھیں گے۔اس کے علاوہ حزب اللہ کے لبنانی چینل المنار پرحسن نصراللہ کی شہادت کا اعلان کیا گیا امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق، اسرائیلی قیادت کو کئی ماہ سے سید حسن نصراللہ کے ٹھکانے کا علم تھا اور انہوں نے گزشتہ ہفتے اسے نشانہ بنانے کا فیصلہ کیا۔ حملے کے دوران نصراللہ کے مقام پر چند منٹوں میں 80 سے زیادہ بم برسائے گئے، جس کے نتیجے میں ہفتے کی صبح حزب اللہ کے ارکان نے ان کی لاش دریافت کی اور پہچان لی۔

مزید برآں، نصراللہ کی لاش کے قریب حزب اللہ کے فوجی کمانڈر علی کرکی کی لاش بھی برآمد ہوئی۔ الجزیرہ ٹی وی کے مطابق، حزب اللہ جلد ہی ہاشم صفی الدین کو نصراللہ کے جانشین کے طور پر سیکرٹری جنرل مقرر کرنے کا اعلان کر سکتی ہے۔