حماس کاحزب اللہ اور اسلامی مزاحمت کے ساتھ اظہارِ تعزیت اور یکجہتی

غزہ (صباح نیوز)حماس نے  فلسطینی عوام، عرب و اسلامی امت اور دنیا بھر کے آزاد انسانوں کی جانب سے، حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل حسن نصراللہ، کی شہادت اور ان کے متعدد قائدین کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ حماس کے جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ  حسن نصراللہ نے معرکہ طوفان الاقصی اور قدس کی آزادی کی راہ میں شہادت کا جام نوش کیا، جبکہ فلسطینی عوام اور بہادر مزاحمت کے حق میں استقامت دکھائی۔ہم اپنے لبنانی بھائیوں، حزب اللہ اور لبنانی اسلامی مزاحمت کے مجاہدین کے ساتھ گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔یہ ظلم سے بھرپور صیہونی حملہ، جس میں جنوبی بیروت کی حارہ حریک میں رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا، ایک انتہائی بزدلانہ دہشتگردانہ کارروائی ہے۔ یہ خونریزی اور بے رحمی صیہونی دشمن کے ظلم کی ایک اور واضح مثال ہے، جو تمام عالمی قوانین اور معاہدوں کو پامال کرتے ہوئے عالمی امن کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔ اس بین الاقوامی خاموشی اور نااہلی کے دوران، ہم اس مذموم دہشتگردی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ہم حسن نصراللہ اور ان کے ساتھیوں کی قربانیوں اور فلسطینی عوام و مزاحمت کے حق میں ان کی شاندار حمایت کو عزت و افتخار کے ساتھ یاد کرتے ہیں۔ وہ ہمیشہ قدس اور مسجد اقصی کی آزادی کے لیے لڑتے رہے، اور معرکہ طوفان الاقصی میں بیپناہ چیلنجز کے باوجود، اپنے مشن پر ڈٹے رہے۔صیہونی حکومت اس جرم کی مکمل ذمہ دار ہے، اور امریکی انتظامیہ بھی اس حملے میں مدد فراہم کرنے کی وجہ سے اس جرم میں شریک ہے۔ ہم اس بزدلانہ دہشتگردی کے خلاف ایک مضبوط محاذ کے طور پر حزب اللہ اور لبنانی مزاحمت کے ساتھ کھڑے ہیں، اور اقصی و فلسطینی حقوق کے دفاع میں ان کی جدوجہد کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔یہ پاکیزہ خون، جو معرکہ طوفان الاقصی میں لبنان کی سرزمین پر بہا ہے، فلسطینی شہدا کے خون کے ساتھ مل کر صیہونی دشمن کے خاتمے کی راہ ہموار کرے گا۔ تاریخ نے ثابت کیا ہے کہ مزاحمت کے شہید قائدین کے بعد ہمیشہ ایک نیا، زیادہ مضبوط اور بہادر نسل تیار ہوتی ہے، جو اس جدوجہد کو اس وقت تک جاری رکھے گی جب تک صیہونی قبضے کا خاتمہ نہیں ہو جاتا۔ہم یقین رکھتے ہیں کہ صیہونی دشمن کے یہ حملے صرف مزاحمت کو مضبوط کریں گے، اور یہ کہ حماس اور حزب اللہ ایک متحد محاذ کے طور پر مزاحمت جاری رکھیں گے، جب تک کہ فتح حاصل نہ ہو اور قبضہ ختم نہ ہو جائے۔ بیان کے آخر میں دعا کی گئی ہے کہ اللہ حسن نصراللہ اور ان کے رفقا کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لبنانی عوام کو صبرِ جمیل عطا فرمائے