کراچی (صباح نیوز)پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما)کے مرکزی صدر کا انتخاب مکمل ہو گیا۔ پروفیسر ڈاکٹر عاطف حفیظ صدیقی کو آئندہ دو سالوں کے لیے پیما کا مرکزی صدر منتخب کرلیا گیا۔ وہ پیما کے 24 ویں مرکزی صدر ہیں۔
پیما سے جاری بیان کے مطابق نومنتخب صدرپیما نے کراچی میں پیما کے 27 ویں مرکزی کنونشن میں اس عہدے کا حلف اٹھایا ہے ۔ اس وقت وہ ڈا یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز، کراچی میں شعبہ ENT کے سربراہ اور پروفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وہ سندھ میڈیکل کالج (1988) کے گریجویٹ اور 1992 سے پیما سے وابستہ ہیں۔ کنونشن میں 42 رکنی مرکزی ایگزیکٹو کونسل بھی منتخب کی گئی، جس میں 13 اراکین سندھ سے، 10 خیبر پختونخوا سے، 7 وسطی پنجاب سے، 4 جنوبی پنجاب سے، 3 شمالی پنجاب سے، 2 بلوچستان سے، 2 آزاد کشمیر سے، اور 1 گلگت بلتستان سے شامل ہیں۔