اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ملک میں پیشہ ورانہ اور ہنر پر مبنی تعلیم کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں جو نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کو سماجی و اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔
اعلی تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ حکومت تعلیمی ترقی پر توجہ دے رہی ہے اور مستحق طلبا کو اعلی تعلیم حاصل کرنے کی ترغیب دینے کے لیے 50 ہزار وظائف کا اعلان کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پروفیشنل ایجوکیشن فائونڈیشن کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے چیئرمین حفیظ الحق کی قیادت میں منگل کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔وفد سے گفتگو کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ خصوصی طلبا کو اپنی تعلیم جاری رکھنے اور انہیں مالی طور پر بااختیار بنانے میں سہولت فراہم کرنا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہماری اہم ترجیح ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خصوصی افراد کی مدد اور حوصلہ افزائی کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن نے ایک پالیسی بنائی ہے جس میں معذور طلبا کو ٹیوشن اور ہاسٹل فیس سے مستثنی قرار دیا گیا ہے۔ صدر نے تعلیم کے ورچوئل جزو کو بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ یہ کم لاگت اور آسانی رسائی کا حامل طریقہ ہے۔اس موقع پر چیئرمین پروفیشنل ایجوکیشن فائونڈیشن نے صدر مملکت کو پیشہ ورانہ تعلیم کے فروغ میں فائونڈیشن کے کردار کے بارے میں آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ پی ای ایف نے ان ہونہار طلبا کو وظائف اور بلا سود قرضے کی پیشکش کی جنہوں نے میرٹ پر پروفیشنل کالجوں/یونیورسٹیوں میں داخلہ حاصل کیا لیکن وہ اپنی فیس ادا کرنے کے متحمل نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ پی ای ایف کے مالی تعاون سے 1700 طلبا نے گریجویشن کیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ فائونڈیشن نے 2020-21 میں 1900 طلبا کے تعلیمی اخراجات ادا کیے جو میڈیکل، انجینئرنگ اور دیگر پروفیشنل کالجوں/یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم تھے۔
صدر مملکت نے پروفیشنل ایجوکیشن فائونڈیشن کی کوششوں اور شراکت کو سراہا جو مستحق طلبا کی تعلیم جاری رکھنے میں مدد کر کے ایک شاندار کام کر رہی ہے۔